امام الحق کا 47سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ

بلاوایو، 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے ون ڈے کرکٹ کی47سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے ۔22سالہ امام الحق نے زمبابوے کے خلاف آخری ون ڈے میں 97گیندوں پر8چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی جو ان کی رواں سیریز میں تیسری اور کیریئر میں چوتھی سنچری تھی ۔امام الحق ون ڈے کرکٹ کی 47سالہ تاریخ کے پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے اپنے پہلے 9ون ڈے میچوں میں 4سنچریاں اسکور کی ہیں ، ان سے قبل کوئی بلے باز یہ اعزاز حاصل نہیں کرسکا تھا ۔ فخر زمان اور امام الحق ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی پہلی جوڑی بن گئی ہے جس نے 2 طرفہ سیریز میں 600 سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔اس سے پہلے یہ ریکارڈ پاکستانی جوڑی عمران فرحت اور یاسر حمید کے پاس تھا۔