امارات کے قومی دن 119 قومیت کے اسٹوڈنٹس نے ترانہ گایا

دبئی ۔ 2 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں آج 2 دسمبر بروز منگل 43 واں قومی دن پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔اس موقع پر یو اے ای میں ایک ہندوستانی
کی ملکیت والے گروپ آف اسکولس کے 119 اقوام کے اسٹوڈنٹس اور اسٹاف نے ملکر یو اے ای کا قومی ترانہ گاتے ہوئے اپنا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ بک میں درج کرالیاجو ایک ہی وقت میں کوئی قومی ترانہ گانے والے سب سے زیادہ قومیت کے حامل افراد سے متعلق ہے ۔ زائد از 100,000 جیمس اسٹوڈنٹس ، ٹیچرس ، والدین اور اسٹاف نے جو 119 قومیتوں کی نمائندگی کرتے ہیں ، اتوار کو ایشی بلادی (میری قوم زندہ باد ) قومی ترانہ امارات بہ یک آواز گاتے ہوئے یو اے ای کے جشن کو یادگار بنادیا ۔ اس دن کی مناسبت سے العربیہ نیوز چینل کے مادر ٹیلی ویژن نیٹ ورک مڈل ایسٹ براڈ کاسٹنگ سنٹرmbc کی اسکرین پر بھرپورکوریج کا اہتمام کیا گیا ہے۔ایم بی سی خصوصی پروگرام نشر کر رہا ہے جن میں متحدہ عرب امارات کی اہم حکومتی شخصیات کے انٹرویوز اور خصوصی رپورٹس کے ذریعے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔یو اے ای کے قومی دن کی مناسبت سے’ایم بی سی‘ کا براڈ کاسٹنگ عملہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے قومی پرچموں پر مشتمل پٹیاں اپنے کندھوں پر لگائیں گے جن پر’’عزکم عزنا‘‘ یعنی ( تمہاری عزت، ہماری عزت) کی عبارت تحریر کی گئی ہے۔ ایم بی سی پر اماراتی قومی دن کے حوالے سے ٹاک شوز، کامیڈی شوز، موسیقی، شعر و شاعری، اسپورٹس کے پروگرامات نشر کئے جانے کے ساتھ ملک بھر میں ہونے والی قومی دن کی مناسبت سے سرگرمیوں کی نیوز کوریج کی جائیگی اور حکام کے ریکارڈ شدہ اور براہ راست پیغامات بھی نشر کئے جائیں گے۔