پرتھ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور جنوبی آفریقہ کے خلاف انتہائی شاندار فتوحات حاصل کرنے کے بعد دفاعی چیمپئن ہندوستان کا کل مقابلہ گروپ کی نسبتا کمزور ٹیم متحدہ عرب امارات سے ہوگااور کرکٹ شائقین اس مقابلہ میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی جانب سے بننے والے ریکارڈس پر اپنی توجہ مرکوز کرچکے ہیںکیونکہ کاغذات پر دونوں ٹیموں کے درمیان کسی بھی زوایہ سے مسابقت موجود نہیں ہے ۔ ہندوستان کیلئے جہاں بیاٹنگ شعبہ میں شکھر دھون ‘ویراٹ کوہلی ‘ سریش رائنااور اجنکیا راہانے نے ابتدائی دو مقابلوں میں شاندار مظاہرے کئے ہیں وہیں بولنگ شعبہ میں محمد سمیع نے غیر معمولی مظاہرے کئے ہیں تا ہم کل کھیلے جانے والے مقابلے میں سمیع زخمی ہوکر ٹیم کا حصہ نہیں بن پائیں گے ان کے مقام پر بھونیشور کمار کی ٹیم میں واپسی ہوگی۔ امیدکی جارہی ہے کہ ونڈے میں عالمی ریکارڈ اپنے نام رکھنے والے اوپنر روہت شرما ایک شاندار مظاہرہ کریں گے جیسا کہ وہ حالیہ دنوں میں 264 رنز کی اننگز کھیلی ہے ۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے بیٹسمینوں نے اپنے ابتدائی دو مقابلوں میں زمبابوے کے خلاف 285 اور آئر لینڈ کے خلاف 278 رنز اسکور کئے ہیں لیکن دونوں ہی مرتبہ بولروں نے اس اسکور کا دفاع نہیں کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے کپتان خرم خان کل ہندوستان کے خلاف 43 برس 250 دن کی عمر میں ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے معمر ترین کپتان ہونے کا اعزاز حاصل کریں گے اور انہیں امید ہے کہ ہندوستان کے خلاف ٹیم بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔ ہندوستان کے خلاف بھی پھر ایک مرتبہ مڈل آرڈر بیٹسمین شائمن انور توجہ کا مرکز ہوں گے جو 66 اور 106 رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں۔