امارات کے آجرین پر ہندوستانی کارکنوں کے رجسٹریشن کا لزوم

دبئی ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے ہندوستانی کارکنوں اور نرسیس کے متحدہ عرب امارات میں آجرین پر لزوم عائد کردیا ہیکہ وہ ان کا حکومت کی ایک ویب سائیٹ پر آن لائن رجسٹریشن کروائیں اس کے بعد ہی ان کی خدمات حاصل کریں۔ ان احکام پر یکم ؍ جون 2015ء سے عمل آوری ہوگی۔ ہندوستانی سفارتخانہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ غیرملکی آجرین جو ہندوستانی نرسیس کی خدمات حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں ان کا ای مائگریٹ سسٹم پر رجسٹریشن کروانا ہوگا۔ تقررات کے ادارہ جو ہندوستانی نرسیس کے تقررات کا اختیار رکھتے ہیں، تقررات کے اخراجات کے ضمن میں ان سے کوئی فیس وصول نہیں کریں گے۔ علاوہ ازیں ان کے آجرین ان سے کوئی رقم تقررات کے اخراجات کے طور پر ابتدائی مرحلہ میں یا بعدازاں وصول نہیں کرسکیں گے۔