امارات اور ہانگ کانگ کا آج فائنل میں مقابلہ

کوالالمپور۔5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں ایشیاء کپ کوالیفائرز کے فائنل میں پہنچ گئیں جو کل کھیلا جائے گا۔فاتح ٹیم کو 15 ستمبر سے یو اے ای میں مقرر ایشیاء کپ کے گروپ مرحلے میں پاکستان اور ہندوستان کیخلاف میدان سنبھالنے کا موقع ملے گا۔ ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں کھیلے گئے اختتامی راؤنڈ کے کوالیفائرزمقابلوں میں متحدہ عرب امارات نے عمان کو 13 رنز سے سے شکست دی۔یو اے ای نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 208 رنز بنائے ، کپتان روہن مصطفیٰ 71 اور اشفاق احمد 24 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ فیاض بٹ اور ذیشان مقصود نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی اننگز میں عمان کی ٹیم 195 رنز بنا سکی جس میں عاقب الیاس 45 اور نسیم خوشی ناقابل شکست 27 رنز بنا سکے ۔محمد نوید، عامر حیات اور مین آف دی میچ روحان مصطفیٰ نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔دوسرے مقابلے میں ہانگ کانگ نے نیپال کو تین وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی کی بدولت بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر فائنل میں جگہ بنائی کیونکہ عمان کی ٹیم کے بھی تین فتوحات کے بعد سات پوائنٹس تھے۔نیپال کی ٹیم پہلے بیٹنگ میں 95 رنز بنا سکی جس کے چھ بیٹسمینں دہرے ہندسے کو بھی عبور نہیں کرپائے ۔احسان خان نے چار جبکہ اعزاز خان اور تنویر افضل نے فی کس دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ہانگ کانگ نے مطلوبہ ہدف سات وکٹوں پر حاصل کرلیا جس میں کپتان انشومن راٹھ 52 رنز بنا کر مین آف دی میچ قرار پائے اور سندیپ لمی چھانے کی پانچ وکٹیں رائیگاں چلی گئیں۔