ال سلویڈور کے سابق صدر انٹونیو ساکا گرفتار

سان سلواڈور، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وسطی امریکی ملک ال سلویڈور کے سابق صدر انٹونیو ساکا کو سرکاری فنڈ کا غلط استعمال کرنے اور بدعنوانی کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ال سلویڈور کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے ایک بیان جاری کر کہا کہ مسٹر ساکا کو بدعنوانی میں ملوث ہونے کی وجہ سے ہفتہ کو دیر گئے ایک شادی کی تقریب سے گرفتار کیا گیا ہے ۔انہوں نے 2004 سے 2009 تک ملک پر حکومت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ مسٹر ساکا کے ساتھ سابق وزیر مواصلات جولیو رینک اور ایک دوسرے وزیر سیزر پھنیوس سمیت ان کی حکومت میں شامل سابق اعلی حکام کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔ان لوگوں کی گرفتاری کے چند گھنٹوں کے بعد مسٹر ساکا کے سابق پرائیویٹ سکریٹری ایلمر چارلیکس نے  پولیس کے سامنے خودسپردگی کی۔اٹارنی جنرل کے دفتر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے معاملے میں مسٹر ساکا سمیت اب تک چھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔