گوہاٹی ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر ترون گوگوئی نے کہا کہ بی جے پی لوک سبھا انتخابات میں بری طرح ناکام ہوگی۔ اسے انتخاب جیتنے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرنا ضروری ہے۔ جب تک وہ مشینوں میں الٹ پھیر نہیں کرے گی وہ انتخاب نہیں جیت سکتی۔ اسی بات کا اپوزیشن پارٹیوں کو اندیشہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ زعفرانی پارٹی اترپردیش اور دیگر ریاستوں میں ناکام ہورہی ہے۔ شمال اور جنوبی ہند میں بھی اس کی ساکھ کمزور ہے۔ سابق چیف منسٹر آسام نے مزید کہاکہ مرکز میں آئندہ حکومت کانگریس کی تائید سے تشکیل پائے گی۔ نریندر مودی کے گنتی کے دن رہ گئے ہیں۔ انہیں اقتدار سے بیدخل ہونا ہی پڑے گا۔ اترپردیش میں بی جے پی کو بدترین شکست ہورہی ہے۔ بی جے پی قومی جنرل سکریٹری رام مادھو نے بھی اترپردیش میں پارٹی کی شکست کا اشارہ دے دیا ہے۔ ترون گوگوئی رام مادھو کے حالیہ انٹرویو کا حوالہ دے رہے تھے جس میں انہوں نے مرکز میں حکومت بنانے کیلئے اپنی حلیف پارٹیوں سے تائید حاصل کرنے کی ضرورت ظاہر کی ہے۔
رافیل کیس میں عدالت کو گمراہ کرنے والوں
کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
نئی دہلی ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آج سپریم کورٹ کو بتایا کہ رافیل کیس کے دوران عدالت کو مبینہ طور پر گمراہ کرنے والے نامعلوم عوامی نمائندوں کے خلاف عدالتی کارروائی کی جانی چاہئے۔ اس کیس کی سماعت مکمل طور پر گمراہ کن ہوئی ہے۔ لہٰذا عدالت کو چاہئے کہ وہ غلط بیانی سے کام لینے والے افراد کی بازپرس کرے۔