الیکشن کمیشن کی ٹیم کا دو روزہ دورۂ مدھیہ پردیش

بھوپال،13نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے تجزیہ کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی ٹیم آج سے ریاست کے دو روزہ دورے پر ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر او پی راوت ،کمیشن کے کمشنر دوے سنیل ارورا اور اشوک لواسا اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا تجزیہ کرنے کے لئے ریاست کے دو روزہ دورے پر ااج اندور میں مقیم ہوں گے ۔کمیشن کے ڈپٹی کمشنر سندیپ سکسینا،سدیپ جین،چندربھوشن کمار اور ڈائریکٹر جنرل دلیپ شرما اور دھیریندر اوجھا بھی ان کے ساتھ رہیں گے ۔چیف الیکشن افسر وی ایل کانتا راو نے بتایا کہ کمیشن کے ذریعہ دوپہر اندور،اجین اور نرمدا پوریم ڈیویژن کے 18اضلاع کی انتخابی تیاریوں کا تجزیہ کیا جائے گا۔میٹنگ میں ڈیویژن کے کمشنر ،پولیس انسپیکٹر جنرل،ضلعی الیکشن افسر اور پولیس سپرنٹینڈنٹ موجود رہیں گے ۔اس کے بعد شام کو ٹیم بھوپال پہنچ کر منظورشدہ پارٹیوں کے ساتھ میٹنگ کرے گی۔کل صبح بھوپال میں گوالیار ،چنبل،بھوپال،ساگر،جبل پور،ریوا اور شہ ڈول ڈیویژن کے 33اضلاع میں ہورہی انتخابی تیاریوں کا تجزیہ کمیشن کے ذریعہ کیا جائے گا۔کل ہی شام الیکشن کے اخراجات سے متعلق نوڈل افسر سے اور ریاست کے چیف سکریٹری اور پولیس ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ کمیشن کی میٹنگ ہوگی۔کل شام کمیشن کی ٹیم پریس سے بات چیت بھی کرے گی اور اس کے بعد دہلی کے لئے روانہ ہوجائے گی۔