الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر گری راج سنگھ کوشبہ

پٹنہ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام )اپنے ایک ایسے تبصرے میں جس کی بناء پر وہ تازہ مشکلات کا شکار ہوسکتے ہیں بی جے پی کے قائد گری راج سنگھ نے آج الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف پیمانے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کیلئے استعمال کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ کہتے ہوئے افسوس ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملات سے من مانے انداز میں نمٹ رہا ہے ۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین کی جانب سے خلاف ورزیوں کے معاملات سے مختلف پیمانوں کے تحت نمٹا جارہا ہے ۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے انہوں نے دعوی کیا کہ الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کو رائے دہی کے اپنی پارٹی کا انتخابی نشان دکھانے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا لیکن جب نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے امیتھی میں ایک مرکز رائے دہی پر رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تو انہیں بے داغ بری کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک چیف منسٹر اتر پردیش اکھیلیش یادو اور سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔