الیکشن کمیشن کی طلبی پر میزورم کے سی ای او دہلی روانہ، احتجاج ختم

آئیزاول ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) میزورم کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) ایس بی ششانک کی برطرفی کے مطالبہ کے ساتھ جاری احتجاج کو آج این جی او رابطہ کمیٹی نے واپس لے لیا جب وہ ششانک الیکشن کمیشن کی طرف سے طلبی پر نئی دہلی روانہ ہوگئے۔ اینجی او رابطہ کمیٹی کے چیرمین وان لال رواترلا نے کہا کہ سی ای او لنگ ایرپورٹ آئیزاول سے روانہ ہوگئے اور دوپہر ایک بجے احتجاج ختم کردیا گیا۔ سی ای او شام کے طیارہ سے نئی دہلی واپس ہوئے ہیں۔ قبل ازیں آج دن میں ششانک نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے انہیں دہلی طلب کیا ہے جہاں جمعرات کی شام انتخابی پینل کے ذمہ داروں سے ملاقات کریں گے۔ ششانک کی برطرفی کے مطالبہ کے ساتھ ینگ میزو اسوسی ایشن نے بڑے پیمانے پر احتجاج شروع کیا تھا۔ میزورم میں 28 نومبر کو اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔ وان لال رواترا نے کہا کہ رابطہ کمیٹی الیکشن کمیشن کے فیصلہ کا انتظار کرے گی اور اگر ششانک واپس آئیں گے تو پھر احتجاج شروع کردیا جائے گا۔