الیکشن کمیشن کا مختار نقوی کی صرف سرزنش پر اکتفا

نئی دہلی 18 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) الیکشن کمیشن نے آج مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کے خلاف ان کے مودی جی کی سینا ریمارک پر معمولی سرزنش پر اکتفا کیا اور مزید کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہیں خبردار کیا گیا کہ وہ ایسے ریمارکس کا مستقبل میں اعادہ نہ کریں۔ رامپور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نقوی نے مودی جی کی سینا کا ریمارک کیا تھا ۔ ریاستی الیکشن حکام نے انہیں ایک نوٹس وجہ نمائی جاری کی تھی ۔ اپنے جواب میں وزیر موصوف نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے اس جملے کا استعمال کیا ہے ۔ کمیشن نے اس پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا ہے کہ وہ آئندہ ملک کی مسلح افواج کا سیاسی مقصد براری کیلئے حوالہ نہ دیں اور ایسے ریمارکس کے معاملے میں احتیاط برتیں ۔ کمیشن نے یاد دہانی کروائی کہ بی جے پی قائدین کو پہلے بھی کہا جاچکا ہے کہ وہ اپنی سیاسی مہم اور تشہیر میں ملک کی مسلح افواج کا کوئی تذکرہ نہ کریں ۔ چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ نے بھی اسی طرح کا ایک ریمارک کیا تھا جس پر کمیشن نے انہیں بھی احتیاط برتنے کو کہا ہے ۔