اسلام آباد، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر عمران خان سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے میں تحریری جواب طلب کیا ہے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی کے لئے 25 جولائی کو ہوئے انتخابات میں ووٹنگ کی رازداری کی خلاف ورزی کرنے پر عمران خان کو نوٹس جاری کر کے پیر کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ جیو نیوز کے مطابق اس نوٹس پر مسٹر عمران خان کے وکیل بابر اعوان کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔ کمیشن نے مسٹر عمران خان کے وکیل کی دلیل سننے کے بعد اس معاملے میں پی ٹی آئی کے سربراہ کو تحریری جواب دینے کی ہدایت دی۔ اس معاملے پر آئندہ سماعت 16 اگست کو ہوگی۔