نئی دہلی 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم نے آج نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن پر اُن کی تنقید انتخابات میں بی جے پی کی مایوسی ظاہر کرتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کے خیال میں بی جے پی مایوس ہوگئی ہے، اِسی وجہ سے الیکشن کمیشن پر اِس طرح تنقید کررہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اُنھیں دیگر تقاریر کے انعقاد کی اجازت دی ہے۔ پھر اُنھیں صرف ایک جلسہ کی اجازت دینے سے انکار پر کیوں اتنا زیادہ برہم ہونا چاہئے۔ مودی پر تنقید کرتے ہوئے چدمبرم نے کہاکہ جب ایک سیاسی پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار برہمی کے انداز میں الیکشن کمیشن پر تنقید کرسکتے ہیں تو اِس سے خود اُن کی شائستگی ظاہر ہوتی ہے، الیکشن کمیشن کی نہیں۔ الیکشن کمیشن کے مرتبہ میں کوئی کمی نہیں آئی۔ اُنھوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن ایک دستوری ادارہ ہے اور اِس کی کارکردگی کا تخمینہ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد کیا جاسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن کی غیر موجودگی میں رائے دہی کے دوران کافی تشدد ہوسکتا تھا۔ بہتر ہوتا کہ الیکشن کمیشن کے بجائے کسی اور کو تنقید کا نشانہ بناتے۔ رائے دہی پرامن انداز میں ہوئی۔ الیکشن کمیشن نے زبردست اور بہترین کام کیا۔ چدمبرم کا تبصرہ اُس وقت منظر عام پر آیا ہے جبکہ وارناسی میں جلسہ عام کی اجازت نہ دیئے جانے پر بی جے پی نے الیکشن کمیشن پر اپنی تنقید میں شدت پیدا کردی ہے اور اِس کی جانبداری کو مشکوک قرار دیا ہے۔