الیکشن کمیشن نے انگریزوں سے بھی بدتر سلوک کیا : اعظم خاں

لکھنؤ ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان نے آج کہا کہ الیکشن کمیشن نے ان کے ساتھ آزادی سے پہلے انگریزوں سے بھی بدتر سلوک کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی نوٹس کا جواب دینے کے باوجود کمیشن نے اس کا جائزہ نہیں لیا اور انہیں وضاحت کا کوئی موقع نہیں دیا۔ الیکشن کمیشن کی یہ کارروائی ان کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے اور اسے اپنی غلطی قبول کرنی چاہئے۔ انگریزوں نے بھگت سنگھ کو پھانسی دینے سے پہلے کم از کم مقدمہ کی سماعت پوری کی لیکن انہیں بغیر کسی چارہ جوئی کے پھانسی پر لٹکادیا گیا ہے۔ اعظم خاں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے کانگریس کو فائدہ ہوگا کیونکہ ان کی آواز عوام تک نہیں پہنچ پائے گی۔

اعظم خاں اور امیت شاہ کی
سرزنش : الیکشن کمیشن
نئی دہلی ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آج نریندر مودی کے قریبی ساتھی امیت شاہ اور اترپردیش کے وزیر ، اعظم خان کی انتخابی مہم کے دوران متنازعہ ریمارکس پر سرزنش کی۔ کمیشن نے نوٹس وجہ نمائی جاری کرنے اور ان کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد کارروائی کے باوجود بیانات جاری کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ ان دونوں پر امتناع برقرار رہے گا۔