الکٹرانک سگریٹس ضبط پان شاپس پر دھاوے

حیدرآباد ۔ /29 مارچ (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے تعلیمی اداروں کے قریب واقع پان شاپس پر بیک وقت دھاوے کرتے ہوئے الیکٹرانک سگریٹ کے فروخت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں 18 پان شاپس پر دھاوؤں کے دوران بھاری مقدار میں الیکٹرانک سگریٹس ضبط کرلئے گئے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اسکول اور کالجس کے قریب واقع پان شاپس کے مالکین طالبات کو الیکٹرانک سگریٹ خریدنے کیلئے راغب کررہے تھے ۔ پولیس کی اس کارروائی سے پان شاپس مالکین میں تشویش پیدا ہوگئی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائینا نے بتایا کہ بعض پان شاپس مالکین الیکٹرانک سگریٹ جسے ’’ای سگریٹ‘‘ بھی کہا جاتا ہے کو فروخت کرنے کیلئے نوجوانوں کو نشانہ بنارہے ہیں اور انہیں یہ شبہ ہے کہ الیکٹرانک سگریٹس میں ممنوعہ منشیات بھی  رکھے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دھاوؤں کے دوران ضبط کئے گئے سگریٹس کو اسٹیٹ فارنسک لیباریٹری روانہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں رپورٹس حاصل کرنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ساؤتھ زون پولیس نے بیگم بازار کے دو تاجرین بپن کمار اور تلجا رام جو ای سگریٹس کے ڈیلر ہیں کے خلاف کارروائی کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔