اوٹنور کے قریب کار اُلٹ گئی ، ایک ہی خاندان کے 3 افراد ہلاک
نظام آباد ۔ 29 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نظام آباد کے سالورہ سے تعلق رکھنے والے جملہ 3 افراد ضلع عادل آباد کے اوٹنور کے پاس ہوئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب نظام آباد شانتی نگر سے تعلق رکھنے والے بابو قریشی ، سلیم قریشی ، گھڑو قریشی اور سالورہ سے تعلق رکھنے والے بابو قریشی اپنے اراکین خاندان کے ساتھ ان کے رشتہ داروں کی ایک شادی کی تقریب میں جنگائوں عادل آباد ضلع برو ز پیر گئے ہوئے تھے کل شام ولیمہ کی تقریب کے بعد 15افراد ذریعہ طوفان گاڑی نظام آباد واپس ہورہے تھے کہ اوٹنور کے قریب خنزیر گاڑی کے روبرو آگیا ۔ گاڑی تیز رفتار ہونے کی وجہ سے الٹ گئی جس کے نتیجہ میں بابو قریشی ، سلیم قریشی دونوں حقیقی بھائی برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ سالورہ کے بابو قریشی شدید زخمی ہونے پر عادل آباد منتقل کیا گیا تھا لیکن جانبر نہ ہوسکے ۔ ان کے علاوہ گاڑی میں سوار بابو قریشی کی اہلیہ عابدہ بیگم ، سلیم قریشی کی اہلیہ فرحانہ اور گھڑو قریشی کی اہلیہ فرحین اور ان کے بچے بری طرح زخمی ہوگئے اور کئی افراد کے ہاتھ اور پیر ٹوٹ گئے اس حادثہ میں طوفان گاڑی کے ڈرائیور عارف بری طرح زخمی ہوگئے اور اس کی کمر ٹوٹ گئی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قریش برادری سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد دواخانہ پہنچ گئے ۔ جمعیت القریش کے قائدین رفیق قریشی ، فہیم قریشی ، نظام آباد سرکاری دواخانہ پہنچ کر ڈاکٹروں سے بات چیت کی اور زخمیوں کو شریک دواخانہ کیا ۔ ایک ہی خاندان کے دوا فراد ہلاک ہونے کی وجہ سے سارے خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ نعشوں کا نرمل دواخانہ میں پوسٹ مارٹم کیا گیا اور ورثا کے حوالے کردیا گیا ۔