اللہ کی معرفت کا علم جاننا انسان کے لیے لازم

محمود گلشن میں جلسہ اصلاح معاشرہ سے مولانا یوسف پیرزادہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : تعلیم حاصل کرنا ہر انسان بالخصوص مسلمان پر لازم ہے ۔ وحی الہیٰ کا پہلا جملہ پڑھنا اور لکھنا ہے ۔ جس امت کو تعلیم کا حصول پہلا جملہ لازم قرار دیا گیا ۔ آج وہی امت تعلیمی میدان میں پسماندہ ہے جو قوم علم سے دور ہوتی ہے اس قوم کو غلام بنادیا جاتا ہے ۔ غلامی ہی ان کا مقدر بن جاتی ہے ۔ تعلیم ہی کے ذریعہ انسان میں انسانیت پیدا ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد یوسف پیرزادہ ( خطیب مسجد فیصل سالم مانصاحب ٹینک ) نے کل شام یونیورسل ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام جلسہ اصلاح معاشرہ بعنوان ’ انسان کے لیے تعلیم کا حصول ضروری ‘ سے محمود گلشن فنکشن ہال ، بہادر پورہ میں اپنے خطاب کے دوران کیا ۔ اس جلسہ میں دینی گرمائی کلاسیس کے اختتام پر 45 روزہ دینی کلاسیس میں حصہ لینے والے طلباء وطالبات پیشہ ورانہ خواتین کے علاوہ گھریلو خواتین نے بھی حصہ لیا تھا ۔ ان کے مقابلے جات منعقد کئے گئے تھے ان میں بہترین مظاہرہ کرنے والوں کو اسنادات و انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔ مولانا یوسف پیرزادہ نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی کے ذریعہ انسان میں انسانیت پیدا ہوتی ہے ۔ قرآن مجید اللہ کا علم ہے ۔ تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جو قرآن کا علم حاصل کرے اور اس کو دوسروں تک پہنچائے ۔ انسانیت کا درس ، صرف اور صرف نبی مکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ سے ملتا ہے ۔ اللہ نے آپؐ کو محسن انسانیت بناکر بھیجا ۔ مولانا نے کہا کہ آج ہم مادی علم کو حاصل کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں ۔ اللہ کی معرفت کے علم سے ہم بے پروا ہیں ہم اپنے معبود ، ہم کو پیدا کرنے والے کو ہی نہیں پہچان رہے ہیں ۔ انہوں نے قرآن کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنے کی تلقین کی ۔ صدر نشین یونیورسل ایجوکیشنل ٹرسٹ عبدالرحیم خاں نے مہمانوں اور شرکاء کا خیر مقدم کیا ۔ جلسہ کی کارروائی جناب عبدالحلیم خاں نے چلائی ۔۔