اللہ کی رضا و خوشنودی کے حصول کیلئے شب برأت ایک نعمت

بزم رحمت عالم ﷺ کا جلسہ شب برأت، ڈاکٹر صوفی عبدالقادر باشاہ قادری و دیگر کا خطاب

حیدرآباد ۔ 14 جون (دکن نیوز) عالم دین ڈاکٹر صوفی عبدالقادر باشاہ قادری چشتی شازلی (ادھونی، کرناٹک) نے کہا کہ حضوراکرم ﷺ کی ساری زندگی ذکر وفکر، مناجات و مراقبہ، عبادات و انابت اور توبہ و استغفار سے عبارت ہے باوجود یہ کہ آپ محبوب خدا سارے انبیاء سے اعلیٰ و اشرف ہیں۔ پھر بھی شب و روز 70 مرتبہ توبہ و استغفار و عبادات کیا کرتے۔ عبادت صرف اللہ رب العزت کے کسی کی جائز نہیں۔ یہ خالص اللہ کے لئے کی جاتی ہے اور بندہ جتنا عبادت میں عجزوانکساری دکھاتا ہے اللہ اس سے اتنا ہی خوش ہوتا ہے بلکہ اس کے لئے اپنے تمام تر تجلیات نچھاور کرنے کیلئے راضی بہ رضا ہوجاتا۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر صوفی عبدالقادر باشاہ قادری چشتی شازلی نے بزم رحمت عالم کے زیراہتمام قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسہ ہائے شب برأت سے کیا۔ جلسہ کی نگرانی مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ اور حافظ مظفر حسین خان قادری نے کی۔ حافظ و قاری ناظم الدین ملتانی کی قرأت سے کارروائی کا آغاز ہوا۔ جناب ایم اے مجیب ایڈوکیٹ صدر بزم نے علماء کرام و شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر صوفی عبدالقادر باشاہ قادری چشتی شازلی نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مؤمن کا جہاں ظاہر صاف و شفاف ہوتا ہوگا وہیں اس کا باطن بھی پاک و مطہر ہو تو یہ ذات اللہ کی بڑی پسندیدہ ہے لیکن دیکھا گیا کہ مسلم کہلانے والے آج اپنے ظاہر و باطن میں بڑا فرق پیدا کرتے ہوئے زندگی گذار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شب برأت جوکہ عبادت کی رات ہے اس رات ایک مومن اپنے رب سے بڑی ہی عجز و انکساری کے ساتھ دعائیں کرتا ہے اور مدد مانگتا ہے اس کے بدلے میں اللہ اس کے سارے گناہوں کو معاف کرتا ہے۔ مولانا فصیح الدین نظامی مہتمم جامعہ نظامیہ کتب خانہ نے کہا کہ اس رات اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرماتا ہے اور جو لوگ زندہ ہیں ان کی بخشش کا سامان بھی فراہم کرتا ہے شرط یہ ہیکہ مسلمان دلجوئی کے ساتھ اس رات عبادت و ریاضت میں اوقات کو گذاریں۔ انہوں نے امام اعظم ابوحنیفہ ؓ کی سیرت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ آپ کو 13000 سے زائد احادیث یاد تھیں۔ زندگی جسے اللہ تعالیٰ نے ایک بار دیا ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کی خوشنودی میں گذارنے کا تہیہ کریں تو دنیا و آخرت میں سرخروئی و کامیابی حاصل ہوگی۔ ڈاکٹر قاری طیب پاشاہ قادری، حافظ و قاری تجمل احمد، شفیع قادری، عبدالمبشر نے نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی۔ قاری طیب پاشاہ قادری نے کارروائی چلائی۔ سلام خیرالانام پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔