اللہ تعالیٰ کی معرفت اور دینی بصیرت کیلئے بزرگوں کی صحبت ضروری

مکتھل میں ایک روزہ دینی و اصلاحی اجتماع، شاہ محمد ظلال الرحمن فلاحی کا خطاب

مکتھل۔/9 اگسٹ، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موجودہ مفاد پرستانہ ماحول اور دین بیزاری کے دور میں ضروری ہے کہ ہم اپنے اخلاق و کردار اور فکر و نظر کی حفاظت و اصلاح کیلئے اپنے بااعتماد صاحب نسبت بزرگوں سے اپنے تعلق کو استوار کریں اور ان کی صحبت بابرکت اور ان کے فیوض سے اپنے دین و ایمان کو جلا بخشتے ہوئے اپنی زندگی اور اپنے اوقات کو سنواریں، یہ وقت کی اہم ضرورت اور آج کے دور کا سب سے بڑا تقاضہ ہے۔ مکتھل کے رائل فنکشن ہال میں منعقدہ سلسلہ قادریہ کمالیہ کے ایک روزہ دینی دعوتی و اصلاحی اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا شاہ محمد ظلال الرحمن فلاحی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مولانا نے بے حیائی اور بے راہ روی کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر گہری فکر و تشویش ظاہر کرتے ہوئے امت مسلمہ اور نوجوانوں کو دعوت فکر دی کہ وہ اپنی زندگیوں اور اوقات کے استعمال پر غور کریں اور جائزہ لیں کہ ہم اپنے اوقات کے کتنے گھنٹے مثبت تعمیری و اصلاحی فکروں کو عام کرنے اور دین کی حفاظت و اشاعت اور اپنی اصلاح کیلئے صرف کررہے ہیں۔ مولانا نے اپنی زندگیوں میں قرآنی اخلاق کو پیدا کرنے اور اخروی فکروں کے احیاء کیلئے بزرگوں کی مجلسوں سے استفادہ کا مشورہ دیا اور کہا کہ زندگیوں میں اعتدال، خدا کا خوف اور حضرت نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم سے سچی محبت و عقیدت اپنے بزرگوں کی تعلیمات سے قربت اور ان کی صحبتوں سے وابستگی ہی میں مضمر ہے۔ اس اجتماع کو حضرت مولانا شاہ محمد فضل الرحمن محمود نے مخاطب کرتے ہوئے اختلاف و انتشار سے بچنے کی تاکید کی اور اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سلسلہ کی تعلیمات میں مالک و مملوک اور خالق و مخلوق کا جو شعور اُجاگر کیا جاتا ہے اس کو ملحوظ رکھیں تو چیزوں کے استعمال میں زندگی گذارنے میں اور آپسی تعلقات اور مراتب کے فرق کو سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے اور ہماری زندگیاں صراط مستقیم پر راہ اعتدال کے ساتھ قائم رہتی ہیں۔ اس کے علاوہ سلسلہ قادریہ کے اس ایک روزہ علمی و عرفانی اجتماع کو خانوادہ صوفی ؒ سے تعلق رکھنے والے علماء کرام حضرت مولانا شاہ مفتی انعام الرحمن جمیل قاسمی اور حضرت مولانا شاہ محبوب الرحمن مشہود قاسمی کے علاوہ مولانا سید ظفر احمد جمیل حسامی، مولانا شاہ محمد عبدالرب اور شاہ لطیف محی الدین صوفی اور مولانا غلام محمد رشیدی و دیگر نے مخاطب کیا جبکہ مولانا عبدالقوی حسامی نے اختتامی کلمات کہتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔ مولانا شاہ محمد ظلال الرحمن فلاحی کی رقت انگیز دعا پر اجتماع کا اختتام عمل میں آیا۔ مولانا حافظ محمد اسحاق رشیدی نے اجتماع گاہ میں نمازوں کی امامت کی ۔ اس اجتماع میں مستقر مکتھل کے علاوہ نارائن پیٹ، محبوب نگر، رائچور، شکتی نگر ، یادگیر، ورلہ، اوٹکور، تانڈور، چیندہ پور، کڑئچور، آتما کور، گدوال و دیگر قرب و جوار سے عوام کی بڑی اور قابل لحاظ تعداد شریک تھی۔ جبکہ اس موقع پر مستقر کے معززین مولانا عبدالحمید رشادی کے علاوہ سی چاند پاشاہ، سی نور پاشاہ، سی نظام پاشاہ، الحاج محمد منور، الحاج محمد اسمعیل، جناب نذیر محمد کلوال، جناب اسحاق رائچوری ، ڈاکٹر محمد غوث کے علاوہ بھینسہ الحفاظ ذمہ داران مساجد و دیگر نوجوان موجود تھے۔