اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب محمدﷺ کو مختار ِکل بناکر مبعوث فرمایا

کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی انٹرنیشنل اصلاح امت کانفرنس سے علامہ پیر محمد ثاقب بن اقبال شامی (لندن)کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : اللہ رب العالمین نے قرآن پاک میں اپنے حبیب نبی مکرم محمد ﷺ کے متعلق فرمایا کہ ’ ’ انا اعطینک الکوثر ‘ ‘ یعنی اے محبوب ﷺ بے شک ہم نے آپ کوثر عطا کیا ۔ کوثر کے معانی و مفاہیم مختلف مفسرین کرام نے خیر کثیر کیا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے ساری دنیا کو میرے روبرو اس قدر بلند کردیا کہ ازل سے ابد تک کے حالات کو مجھ پر منکشف فرمادیا ۔ ان خیالات کا اظہار QTv کے معروف عالم دین ، سیاح یورپ ایشیاء و افریقہ ، مفکر اسلام، محقق حضرت مولانا پیرمحمد ثاقب بن اقبال شامی (بانی تنظیم کنز الہدیٰ انٹرنیشنل برمگھم لندن، امیر تحریک اہل سنت برطانیہ ، معزز ممبرسیویلٹی بورڈآف اسکالرس لندن ‘ ) نے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام عظیم الشان انٹرنیشنل اصلاح امت کانفرنس منعقدہ 7/ مارچ بروز ہفتہ بعد نمازِ عشاء گورنمنٹ جونیر کالج چنچل گوڑہ گراونڈ میں ہزاروں کی تعداد میں موجود مرد و خواتین سے کیا ۔ کانفرنس کا آغاز قاری حافظ ملک محمد اسمٰعیل علی خاں قادری ملتانی کی قرا ت کلام پاک سے ہوا ۔ بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں مہمان نعت خواں QTv کے مشہور ثناء خوانِ رسول حضرت حافظ محمد حبیب جامی چشتی ثاقبی (لندن) نے اپنے مسحور کن انداز میں ہدیہ نعت پیش کی ۔ کانفرنس کی سرپرستی علامہ سید شاہ محمد محمد صدیق حسینی عارف قادری صاحب قبلہ نے فرمائی ۔ صدارت مولانا ڈاکٹر سید محمود صفی اللہ حسینی ( وقارپاشاہ ) نے فرمائی اور نگرانی مولانا شوکت علی صوفی ( سینیر صحافی ) نے کی ۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید محمد شاہ ملتانی قادری ، مولانا سید محمد عبداللہ حسینی چشتی قادری ، مولانا ڈاکٹر سید خلیل علی شاہ بابا قادری ،ڈاکٹر سید عبدالمعز قادری شرفی ،ڈاکٹر اخلاق شرفی نے شرکت کی۔ صدر استقبالیہ مرزا نثار احمد بیگ نظامی نے شرکت فرمائی۔ نظامت کے فرائض مولانا مفتی ذاکر حسین نوری فناء القادری نے انجام دئے ۔محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے مہمان مقررین اور مشائخین عظام کا پرجوش استقبال کیا ۔ مولانا نے اپنے ولولہ انگیز خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ صحیح عقیدہ دین ایک مسلمان کیلئے ضروری ہے اور یہ آپ کو فکر صحیح رکھنے والے اہلسنت الجماعت کے علمائے دین کے پاس ہی حاصل ہوسکتا ہے ۔ اپنے دین کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں اور خاتمہ بخیر چاہتے ہو تو اپنے عقیدہ کی اصلاح کرنے کیلئے اہل سنت الجماعت کے علماء و مشائخین کی صحبت اختیار کریں ۔ پیر صاحب نے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے بازو بن جائیں اور کمیٹی کے اس عظیم کام اہل سنت الجماعت کی ترویج و اشاعت میں خصوصی حصہ بن جائیں ۔ دوسرے مہمان مقرر ‘ مولانا مفتی صابر القادری (نیپال) نے اپنے تفصیلی خطاب میں حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی ۔ مولانا اقبال احمد رضوی القادری نے اصلاح اُمت کانفرنس کے اہتمام کے مقصد اور اُس کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ آج معاشرہ میں جو خرابیاں اور بگاڑ پیدا ہورہا ہے اُس کے سدِ باب کے لئے اس طرح کی کانفرنسوں اور جلسوں کا انعقاد بے حد ضروری ہے تاکہ معاشرہ کی اصلاح ہو اور ایک پاک و صاف معاشرہ کی تشکیل ہو ۔ مولانا مفتی منور عالم اشرفی ( ممبئی ) ، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا ۔، عالیجناب محمد اقبال سیٹھ (صدر میلاد کمیٹی ) ، عالیجناب عبید عثمان العمودی نے بھی شرکت کی ۔ سید لئیق قادری ، عبدالکریم رضوی ، یونس برکاتی ، سید عثمان قادری نے بہتر انتظامات کئے ۔آخر میں صلوٰۃ و سلام اور پیرصاحب کی رقت انگیز دعا پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا ۔