یروشلم۔ 4 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) فلسطین کے یروشلم میں اسرائیلی فوج اور پولیس کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور مکانات مسماری کے خلاف عوام ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکل آئے ہیں اوراسرائیلی فوج کے مسلسل جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ تازہ جھڑپوں میں کم سے کم 36 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلال احمر فلسطین کے ایمرجنسی و ایمبولنس سروس کے ایک عہدیدار امین ابو غزالہ نے بتایا کہ بیت المقدس کے مقامی باشندوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان آنکھ مچولی چہارشنبہ کی شام اس وقت شروع ہوئی جب قابض فوج نے شعفاط کالونی میں ایک فلسطینی شہری کا مکان، ایک دکان اور متعدد دیگر عمارتیں مسمار کرنے کے بعد جگہ جگہ سیمنٹ کے بھاری بلاکس کے ذریعے راستوں کی ناکہ بندی کردی۔ اس کے بعد رات بھر صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان کشیدگی جاری رہی۔
آخری اطلاعات تک صیہونی فوج کی فائرنگ، آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کے حملوں سے 36 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے چار افراد کی آنکھوں اور چہروں پر گولیاں لگی ہیں جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ دیگر زخمیوں کو ہداسا اسپتال منتقل کرد یا گیا ہے۔ابو غزالہ نے کہا کہ ان کی ایک ایمبولینس زخمی کو لے کر رملہ جا رہی تھی جہاں قلندیا چوکی پر صیہونی فوجیوں نے کئی گھنٹے روکے جانے کے بعد آگے جانے دیا۔ ایک دوسرے فلسطینی سماجی کارکن نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی آنسوگیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کی مدد سے مظاہرین پر پانی پھینکے سے سیکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں، ان میں زیادہ ترطلبا شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے داغی گئی ربڑ کی ایک گولی 21 سالہ عمار محمد علی نامی طالب علم کی آنکھ میں لگی جس کے نتیجے میں اس کی آنکھ ضائع ہوگئی ہے۔ ربڑ کی گولیوں سے کئی دوسرے افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی شہریوں اور میڈیا کے مطابق یروشلم کے شعفاط پناہ گزین کیمپ اور شعفاط کالونی میں فلسطینی مظاہرین کے خلاف کارروائی کیلئے اسرائیلی فوج نے رات بھر کرفیو لگائے رکھا۔ اس کے باوجود فلسطینی گھروں سے باہرنکلتے اور صیہونی فوجیوں پر سنگباری کرتے رہے ہیں۔ صیہونی فوجیوں کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ گلی محلوں اور سڑکوں پر مظاہرے کرنے والوں پر صیہونی فوجیوں نے آنسو گیس کا اندھا دھند استعمال کیا جس کے نتیجے میں نہ صرف سڑکوں پرموجود شہری متاثر ہوئے بلکہ زہریلی گیسوں کے مضر اثرات سے گھروں میں موجود خواتین اور بچے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ صیہونی فوجیوں نے بیت المقدس میں شعفاط کیمپ کے قریب بنائی گئی ایک عارضی فوجی راہ داری کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا جس کے نتیجے میں رات بھر فلسطینی سڑکوں پر سخت سردی میں کھڑے رہے۔ صیہونی فوجیوں نے شعفاط میں ایک گرلز اسکول پربھی چھاپے مارے اور وہاں پرموجود فلسطینی شہریوں پر پانی پھینکا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔