القاعدہ کی عنقریب شکست ،وزیر دفاع امریکہ

کابل 10 جولائی (اے ایف پی) وزیر دفاع امریکہ لیون پینیٹا نے کہا کہ القاعدہ کی شکست اب قریب آگئی ہے۔ وہ افغانستان کے اچانک دورہ پر پہنچ گئے تھے جبکہ امریکہ کی بعض افواج افانستان سے تخلیہ کی تیاری کررہی ہیں۔ لیون پینیٹا یکم جولائی سے وزیر دفاع امریکہ کے عہدہ کا جائزہ لے چکے ہیں۔ وہ سبکدوش ہونے والے وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کے جانشین ہیں، وہ افغانستان کے اچانک دورہ پر کابل پہنچ گئے۔ ان کے پروگرام میں صدر حامد کرزئی سے وسط جولائی میں ناٹوزیر قبضہ چند علاقوں کی افغان نظم و نسق کو منتقلی پر تبادلۂ خیال شامل ہے۔ ان کی آمد سے پہلے لیون پینیٹا نے اپنے ہم سفر اخباری نمائندوں سے کہا کہ ماہ مئی سے رات کے وقت دھاؤں سے جو امریکی فوج نے پاکستان میں کئے ہیں جن میں سے ایک میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت بھی ہوئی اور 10 تا 20 اہم القاعدہ قائدین کو بھی نشانہ بنایا گیا جن کی شناخت پاکستانی، یمنی، صومالیائی اور شمالی افریقہ کے شہریوں کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ لیون پینیٹا نے جو قبل ازیں دو سال سی آئی اے کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ان کا تعاقب کرسکیں تو ان کے خیال میں القاعدہ کو شکست دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے پاکستان پر بھی زور دیا کہ القاعدہ کے خلاف جنگ میں مزید مدد کرے جبکہ دہشتت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کے حلیف پاکستان سے امریکہ کے تعلقات بے حد کشیدہ ہوچکے ہیں۔ نیویارک سے موصولہ اطلاع کے بموجب شمالی اوقیانوس معاہدہ تنظیم ’’ناٹو‘‘ کی نئی حکمت عملی راتوں رات دھاوے طالبان کی کمر توڑ نے میں کامیاب ہیں۔ امریکی اور افغان عہدیداروں کے افغانستان میں امریکہ کی حکمت عملی کے بارے میں بیان کا حوالہ دیتے ہوئے روزنامہ نیویارک ٹائمز نے کہا کہ ناٹو کی رات کے دھاوؤں کی حکمت عملی طالبان پر تباہ کن اثرات مرتب کرنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔ نامور طالبان کمانڈرس ہلاک ہوچکے ہیں۔ جنگجوؤں کا پورا گروپ معدوم ہوچکا ہے۔ امریکہ کو پاکستان سے شکایت ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کے خلاف کافی کارروائی نہیں کررہا ہے۔
شمال مشرقی جاپان زلزلے سے دہل گیا، نقصانات کی کوئی اطلاع نہیں
ٹوکیو 10 جولائی (رائٹرس) ایک طاقتور زلزلے سے آج شمال مشرقی جاپان کا وہی علاقہ متاثر ہوا جو مارچ میں زبردست زلزلہ سے متاثر ہوچکا ہے لیکن ساحلی علاقہ میں کسی بھی قسم کی تباہی کی کوئی علامت نظر نہیں آئی۔ فوکوشیما نیوکلیر پلانٹ کو جو پہلے ہی سے غیر کارکرد ہے مزید کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ جاپان کے محکمہ موسمیات نے دوپہر سے پہلے اس علاقہ میں سونامی آنے کا انتباہ دیا تھا۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے بموجب زلزلے کی شدت 7 تھی اور اس کا مبدا شمال مشرقی ساحل کے قریب 18 کیلو میٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ زلزلہ کا جھٹکہ مقامی وقت کے مطابق دن کے 10 بجے سے کچھ پہلے محسوس کیا گیا۔ اس کا آغاز پہلے عمارتوں کے لرزنے سے ہوا اور بعد میں اس میں شدت پیدا ہوگئی۔