القاعدہ ویڈیو کی توثیق کی وزارت داخلہ کی آئی بی کو ہدایت

نئی دہلی۔ 4 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت داخلہ نے آج انٹلیجنس بیورو (آئی بی ) کو ہدایت دی کہ القاعدہ کے ایک ویڈیو کی حقیقت کی توثیق کی جائے جس میں دھمکی دی گئی ہے کہ دہشت گرد تنظیم ہندوستان میں بھی اپنی مہم چلائے گی ۔ وزرات داخلہ کے عہدیداروں نے کہاکہ آئی بی کو ویڈیو کی تفصیلات اور اس کی توثیق کے ساتھ جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور یہ پتہ لگانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے کہ یہ ویڈیو کہاں اپ لوڈ کیا گیاہے ۔ آئی بی القاعدہ کی سرگرمیوں پر اس ملک میں اور پڑوسی ممالک میں مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور توقع ہے کہ ایک یا دو دن میں اپنی رپورٹ پیش کردے گی ۔ امریکی ذرائع ابلاع اور سراغ رسانی محکموں نے آج کہا کہ القاعدہ نے ہندوستان میں جہاد کا آغاز کرنے کیلئے اپنی ایک نئی شاخ قائم کی ہے ۔