قاہرہ ؍ پیرس ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یمن کی القاعدہ شاخ نے آج پیرس میں اخبار کے دفتر پر گذشتہ ہفتہ کے حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ یوٹیوب پر ویڈیو میں بتایا گیا ہیکہ حضورؐکی شان میں گستاخی کرنے والوں کو سزا دینے کیلئے یہ حملہ کیا گیا۔ یمن میں سرگرم القاعدہ الجہاد کے رکن ناصر بن علی الانسی نے کہا کہ پیرس حملہ کیلئے القاعدہ تنظیم نے حکم دیا تھا۔ دریں اثناء فرانس نے ملک بھر میں پراسیکیوٹرس کو احکام جاری کئے ہیںکہ نفرت آمیز تقریر، دہشت گردی کو بڑھاوا دینا وغیرہ کے خلاف سخت مہم چلائیں۔ نیز آج یہ اعلان بھی کیا گیا کہ دارالحکومت میں گذشتہ ہفتہ کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد سے 54 افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ ان حملوں میں 20 افراد بشمول 3 بندوق بردار ہلاک ہوئے۔