القاعدہ عسکریت پسندوں نے سینئر یمنی فوجی عہدیدار کو ہلاک کردیا

صنعا۔22جون ( سیاست ڈاٹ کام ) القاعدہ کے مشتبہ عسکریت پسندوں نے ایک سینئر فوجی عہدیدار کو اُس کے مکان کے روبرو ہلاک کردیا۔ یمن کی وزارت دفاع کے بموجب دو افراد جو موٹر سیکل پر سوار تھے بریگیڈیر جنرل عبداللہ المحضر پر اندھادھند فائرنگ میں ملوث تھے ۔ بریگیڈیر جنرل عبداللہ ایک کمیٹی کے رکن تھے جسے مسلح افواج کی تنظیم جدید کی ذمہ داری سپرد کی گئی تھی۔ یمنی ذرائع ابلاغ کے بموجب المحضر گذشتہ سال بھی ایک بم دھماکے میں شدید زخمی ہوئے تھے۔یہ بم دھماکہ بھی ان کے مکان کے سامنے ہی کیا گیا تھا اور انہیں بذریعہ طیارہ علاج کیلئے اردن منتقل کیا گیا تھا ۔ دریں اثناء یمنی فوج کے عہدیدار نے کہا کہ امریکی ڈرون طیاروں نے کل صوبہ البیضہ میں جو عسکریت پسندوں کا مستحکم گڑھ ہے اپنے اہداف پر فائرنگ کی تھی لیکن مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں ۔ القاعدہ کی یمنی شاخ جسے جزیرہ نمائے عرب کی القاعدہ بھی کہا جاتا ہے امریکی کی نظروں میں دنیا کی انتہائی خطرناک تنظیم ہے اور امریکہ میںکئی ناکام حملوں کے پیچھے اسی کا ہاتھ تھا ۔ امریکہ یمن کی انسداد دہشت گردی فوجوں کی دفاعی مدد کررہا ہے ‘ انہیں تربیت دے رہا ہے اور ڈرون حملے بھی کررہا ہے جب کہ عسکریت پسند جوابی کارروائی کرتے ہوئے سرکاری عمارتوں اور فوج پر حملے کررہے ہیں ۔