الجیریا پہلی مرتبہ ناک آوٹ مرحلے میں

l اسلام سلیمانی کا روس کے خلاف فیصلہ کن گول
l راونڈ 16 میں پیر کو جرمنی سے مقابلہ
الجیریا نے 1982ء کے بعد ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کی ہے اور حسن اتفاق سے 1982ء میں الجیریا نے مغربی جرمنی کو شکست دی تھی اور رواں ورلڈ کپ میں اب اس کا مقابلہ جرمنی سے ہے جس کے خلاف ریکارڈ الجیریا کے حق میں ہے۔

کیوریٹیبا ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) برازیل میں رواں فیفا ورلڈ کپ الجیریا کیلئے تاریخ ساز ورلڈ کپ ثابت ہورہا ہے جیسا کہ اس نے پہلے 1982ء کے بعد ورلڈکپ کے کسی مقابلہ میں کامیابی حاصل کی جس کیلئے اس نے جنوبی کوریا کو 4-2 سے شکست دی جس کے بعد گذشتہ روز روس کے خلاف کھیلے گئے مقابلہ کے 60 ویں منٹ میں اسلام سلیمانی نے ہیڈر کے ذریعہ مقابلہ کو مساوی کرنے والا گول بناتے ہوئے اس میچ کو 1-1 سے برابر کیا، جس کے بعد گروپ ایچ میں بلجیم کے بعد الجیریا ورلڈ کپ کے ناک آوٹ مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ یہ پہلا موقع ہیکہ الجیریا کی ٹیم ورلڈ کپ کے ناک آوٹ مرحلہ میں رسائی حاصل کی ہے

جبکہ 32 برس قبل اس نے آخری مرتبہ ورلڈ کپ میں کامیابی مغربی جرمنی کو شکست دے کر حاصل کی تھی۔ شمالی افریقہ سے تعلق رکھنے والی اس ٹیم الجیریا کیلئے ورلڈ کپ ایک شاندار ٹورنمنٹ ثابت ہورہا ہے۔ اس کامیابی کے بعد الجیریا کے کوچ وحید نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تمام کھلاڑیوں اور عملہ سے بغلگیر ہوئے جس کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ آج ہم نے حاصل کیا ہے اس کارنامہ پر مجھے فخر ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ الجیریا نے آج ایک تاریخی مقابلہ کھیلتے ہوئے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کی قطعی 16 ٹیموں میں جگہ بنائی ہے۔ روس کو اس مقابلہ میں پہلے گول کے بعد 26 ویں منٹ میں اپنی سبقت دگنی کرنے کا موقع ملا تھا ۔ تاہم وہ اس کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔ علاوہ ازیں روسی گول کیپر نے یٰسین ابراہیمی کے ایک شاندار کک کو گول ہونے سے روکا لیکن وہ سلیمانی کے حملہ کا جواب دینے میں ناکام رہے۔ ناک آوٹ مرحلہ میں پیر کو الجیریا کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا۔ جیسا کہ ریکارڈس الجیریا کے حق میں ہے جس میں 1964ء اور پھر 1982ء میں مغربی جرمنی کو شکست دی تھی۔