الجیریاکی ٹیم کا روزہ کے بعد غم خواری کا مظاہرہ

ریوڈی جنیرو۔ 5جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) برازیل میں رواں فیفا ورلڈکپ فٹ بال ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والی الجیریاکی ٹیم نے بونس میں ملنے والی رقم کو اسرائیلی فوج کے محاصرے کا شکار اہل غزہ کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ الجیریاکی ٹیم کو مجموعی طور پر تقریبا ً90 لاکھ ڈالر بونس ملے گا۔ عالمی کپ کے پہلے مرحلے میں روس کے خلاف میچ میں گول اسکور کرکے ٹیم کو فتح دلانے والے کھلاڑی اسلام سلیمانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کے محصور فلسطینی ہم سے زیادہ اس رقم کے حق دار ہیں۔ واضح رہے کہ الجیریاکی ٹیم پہلی مرتبہ ناک آوٹ مرحلے میں پہنچی تھی۔ جہاں اسے جرمنی کے خلاف اضافی وقت میں 2-1 گول سے شکست دوچار ہونا پڑا تھا۔ لیکن اس شکست کے باوجود بہت سے مبصرین نے الجزیرا کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا ہے اورکہا ہیکہ ٹیم نے مقررہ وقت میں جرمن ٹیم کا سخت مقابلہ کیا تھا حالانکہ بہت سے کھلاڑی روزے سے تھے لیکن میچ کے بعد ان کا کہنا تھا کہ روزہ ان کی شکست کا سبب نہیں بنا تھا۔