اقوام متحدہ 16 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ نے آج کہا کہ وہ اپنے درجنوں ملازمین کو بغداد کے باہر منتقل کر رہا ہے ۔ یہ احتیاطی منتقلی ہے کیونکہ عراق میں سکیوریٹی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے ۔ ایک ترجمان نے کہا کہ بغداد اور اطراف میں اقوام متحدہ کیلئے کام کرنے والے 200 بین الاقوامی عملہ کے منجملہ 58 کو عارضی طور پر دوسرے علاقوں کو بغداد کے باہر منتقل کیا جا رہا ہے ۔ عملہ کو آج اردن کے دارالحکومت عمان کو منتقل کیا گیا ہے اور اس کا مقصد انہیں دوبارہ اربل منتقل کرنا ہے ۔ اربل خود محتار کردش علاقہ کا دارالحکومت ہے ۔ ترجمان فرحان حق نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں مزید کچھ ارکان کو دوسرے مقامات کو منتقل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہاں صورتحال بدل گئی ہے اور ہم حالات کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عراق میں حالات کی خرابی کے باوجود اقوام متحدہ کا مشن برقرار رہے گا ۔