اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کشمیرمعاملہ اٹھائے گا

اقوام متحدہ، 24ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پاکستانی وفد اس ہفتہ سے شروع ہورہی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی میٹنگ میں شرکت کے لئے نیویارک پہنچ چکا ہے ۔پاکستان کے روزنامہ ‘ڈان’ کے مطابق یہ اقوام متحدہ کے ساتھ نئی پاکستانی حکومت کی پہلی اعلی سطحی بات چیت ہوگی۔اس سے پہلے 21 ستمبر کو ہندستان نے پاکستان کے ساتھ نیویارک میں ہوئی وزیر خارجہ سطح کی بات چیت کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ہندستان نے سلامتی اہلکاروں کے وحشیانہ قتل کے علاوہ پاکستان کے ذریعہ دہشت گردوں کو اعزا ز دیتے ہوئے ان پر 30 ڈاک ٹکٹ جاری کئے جانے کے بعد بات چیت منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مسٹر قریشی 29ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے جس میں وہ کشمیر معاملہ بھی اٹھائیں گے ۔