اقوام متحدہ نگران کار کا اہم ساحل یمن کا مشاہدہ

حدیدہ ( یمن ) 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یمن میں جنگ بندی کی نگرانی کیلئے آئی اقوام متحدہ کی ٹیم کے سربراہ نے آج بندرگاہ حدیدہ کے کئی مقامات کا دورہ کیا ۔ بندرگاہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ ریٹائرڈ ڈچ جنرل پیٹرک کمائرٹ نے سعودی تائید والی حکومت کی افواج اور ایرانی حمایت والے حوثی باغیوں سے بھی ملاقات کی تاکہ وہاں جو جنگ بندی نافذ کی گئی ہے اسے برقرار رکھنے میں مدد مل سکے ۔ حدیدہ بندرگاہ کے نائب ڈائرکٹر یحیی شرف الدین نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا یہ کہ اقوام متحدہ کے عہدیدار نے وعدہ کیا ہے کہ بہت جلد جنگ ختم ہوجائیگی ۔ شرف الدین نے بتایا کہ جنرل کمائرٹ نے بندرگاہ پر ان مقامات کا مشاہدہ کیا جہاںسامان کے ذخیرہ کی گنجائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی جنگ کو کئی برسوں سے فراموش کردیا گیا تھا تاہم بین الاقوامی برادری اب اس جنگ کو ختم کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے ۔ کمائرٹ ایک مشترکہ کمیٹی کی قیادت کر رہے ہیں جن میں سرکاری اور حوثی عہدیدار بھی شامل ہیں ۔ یہ کمیٹی یمن میں جنگ بندی کی نگرانی کرنے کی ذمہ دار ہے ۔ یہاں 18 ڈسمبر سے جنگ بندی نافذ ہوئی تھی ۔ جنرل کمائرٹ حدیدہ میں کل پہونچے تھے اور اس سے قبل انہوںنے باغیوں کے کنٹرول والے دارالحکومت صنعتا کا دورہ کیا تھا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے عدا میں سرکاری عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔