اقوام متحدہ 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سفارت کار نے کہاکہ روس نے اقوام متحدہ میں شام کے موضوع پر اپنی ایک متوازی قرارداد پیش کردی۔ جس کا مقصد شام میں انسانی بحران کا خاتمہ ہے۔ سلامتی کونسل کے اہم ارکان کو روس نے دھمکی دی تھی کہ مغربی اور عرب ممالک کی حمایت یافتہ تحدیدات کی روس کی جانب سے مخالفت کی جائے گی۔ یہ تحدیدات صدر شام بشارالاسد کی حکومت پر عائد کرنے کی تجویز ہے۔ اقوام متحدہ میں روس کے سفیر ویٹالی چرکن نے قرارداد کا مسودہ امریکہ، برطانیہ، چین اور فرانس کے ایک اجلاس میں اِن کے حوالہ کیا۔ روسی مسودہ میں مغربی ممالک اور عرب ممالک کے مسودہ کے متن کا کچھ حصہ بھی شامل کیا گیا ہے اور توقع کی گئی ہے کہ دونوں قراردادوں کے مسودوں کے متن کو یکجا کرکے ایک نئی قرارداد تیار کی جاسکتی ہے۔ مغربی ممالک کے سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ اُن کا مقصد ایک قرارداد پر سلامتی کونسل میں اتفاق رائے پیدا کرنا ہے جس کا مقصد شام کے تمام علاقوں تک فوری رسائی ہے۔