نظام آباد ۔ 20 ۔ نومبر ( راست ) اضلاع نظام آباد اور عادل آباد کے طلبہ کیلئے پوسٹ میٹرک ہاسٹل محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت مستقر نظام آباد میں احمدی بازار میں سال 2009 سے قائم ہے ۔ جہاں عادل آباد ، نرمل ، بھینسہ ، مدہول اور نظام آباد ضلع کے آرمور ، بھمیگل ، بودھن کے مقامات کے طلبہ قیام پذیر ہیں ان کے کئی دیرینہ مسائل حل طلب ہیں ۔اس ضمن میں ٹی آر ایس سینئر قائد جناب ایس اے علیم نے رکن پارلیمنٹ شریمتی کویتا سے تحریری نمائندگی کرتے ہوئے ہاسٹل میں درکار ضروریات کی تکمیل اور سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ۔ جناب سید احمد بخاری میناریٹی ہاسٹل ویلفیر آفیسر ان کے ہمراہ تھے اور مکتوب میں بتایا کہ اس ہاسٹل میں جو پروفیشنل کورسز انجینئرنگ ، فارمیسی، پی جی کے زیرتعلیم طلبہ کیلئے قائم ہے بنیادی سہولتیں عدم مہیا ہیں ۔ پلنگ نہ ہونے کی وجہ طلبہ فرش پر سونے پر مجبور ہیں ۔ اس ضمن میں ضروری سہولتیں ، الماری ، میز ، کرسیاں ، اور دیگر فرنیچر مہیا کیا جائے جس پر ایم پی نظام آباد شریمتی کویتا نے ان دیرینہ مسائل کی فوری یکسوئی کرنے اور تمام سہولتیں مہیا کرنے کا تیقن دیا ۔۔