اقلیتی ووٹرز سیکولر امیدواروں کو کامیاب بنائیں: سماجوادی پارٹی

پرتاپ گڑھ 2نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) اقلیتی طبقے کے رائے دہندگان فسطائی طاقتوں کو شکست دینے کیلئے اتر پردیش کے بلدیاتی انتخاب میں سیکولر امیدواروں کی فتح کو یقینی بنائیں ۔تاکہ سیکولرزم کا وقار قائم رہے ۔سماج وادی ہی ایک واحد ایسی پارٹی ہے جو فسطائی طاقتوں سے مقابلہ کی قوت رکھتی ہے ۔اتر پردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع ہیڈکواٹر شہر میں واقع ایک ہوٹل میں سماج وادی پارٹی مہاراشٹرا کے نائب صدر آصف صدیقی نے اردو صحافیوں سے بات چیت کے دوران مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔ صدیقی نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے سبب کاروبار بند پڑے ہیں۔ حکومت سے وابستہ و اس کے حامی روٹی کپڑا مکان کے برعکس ہندو مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنے کی سیاست کر رہے ہیں۔عوامی فلاح بہبود کا کوئی ایشو حکومت کے پاس نہیں ہے ۔ آج مہنگائی عروج پر ہونے کے سبب عام شخص پریشان ہے ۔کام نہ ہونے سے بے روزگاروں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔حکومت سے وابستہ وزیر لیڈران اپنی عوام میں گرتی ہوئی پوزیشن کو دیکھتے ہوئے اکثریت کے جذبات کو بھڑکانے کیلئے روز بروز نئے نئے شوشے چھوڑ رہے ہیں ۔کبھی تاج تو کبھی مندر مدعا اٹھا کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں ۔حکومت پوری طرح ناکام ہے۔فسطائیت پر مبنی ایشو اٹھا کر وہ اتر پردیش کے بلدیاتی انتخاب میں پولرائزیشن کرنے میں کوشاں ہے۔ ایسے حالات میں اقلیتوں کی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ سیاسی طور سے متحد ہوکر سیکولرزم کے وقار کو قائم رکھنے کیلئے اپنی بیداری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سیکولرزم کے ضامن ہے ۔جس کے سبب بلدیہ میں مزید سیکولر امیدواروں کو میدان میں لایا گیا ہے۔ اس وقت حالات کو دیکھتے ہوئے اقلیتی طبقہ بلا تفریق سیکولرزم ک بقاء کیلئے سماج وادی پارٹی کی حمایت کریں ۔جس سے فسطائ طاقتوں کے حوصلے پست ہو سکے۔ یہ انتخاب آئندہ پارلیمانی انتخاب کی راہ ہموار کرے گا ۔