بیدر۔27 ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود و اوقاف ڈاکٹر قمر الاسلام نے کہا کہ ریاست میں اقلیتی فلاح کے منصوبوں کے نفاذ کیلئے نئے رہنما خطوط وضع کئے جاچکے ہیں ۔ان رہنما خطوط کے تحت اقلیتوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اقلیتوں کیلئے فی الوقت جن اسکیمات کو لاگو کیا جارہا ہے ‘ان کے متعلق عوام میں بیداری نہ ہونے کے برابر ہے۔ عوام کو اس سلسلہ میں معلومات فراہم کرنے کیلئے رہنما خطوط وضع کئے گئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ جن علاقوں میں اقلیتوں کی آبادی بہت زیادہ ہے وہاں خصوصیت کے ساتھ اقلیتی فلاح کے منصوبے لاگو کئے جائیں گے۔اقلیتی دیہاتوں میں ترقی کیلئے کلسٹر ماڈل پر کام کرنے کی ہدایت دی جاچکی ہے ‘تاکہ ان علاقوں میں شرح خواندگی ‘ لڑکیوں میں تعلیم ‘صاف پانی کی فراہمی‘ مسلسل برقی ‘ خاتمہ عربت ‘روزگار کے مواقع ‘ اسکولوں سے باہر رہ جانے والے بچوں کیلئے تعلیم کا نظم وغیرہ کیا جائے گا۔ بیدر ‘گُلبرگہ‘ باگلکوٹ‘ رائچور ‘کوپل‘ ہاویری ‘اور بلاری اضلاع میںاس منصوبے کے تحت اقلیتوں کیلئے مکانات کی تعمیر ‘آنگن واڑی مراکز کی تعمیر‘ ہائوزنگ کامپلیکسوں کی تعمیر‘ہاسٹلس اور بیت الاخلاء کی فراہمی کا کام شروع کیا جائے گا۔