اقلیتی علاقوں پر ترقیاتی کام جلد شروع کرنے کا تیقن

گدوال /10 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بلدیہ گدوال کے زیر اہتمام مساجد کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے آہک پاشی ، تعمیر و مرمت کیلئے منظورہ فنڈس کے چیکس کی تقسیم رکن اسبملی گدوال مسز ڈی کے ارونا کے ہاتھوں عمل میں لائی گئی جس میں بلدیہ گدوال کے حدود میں واقع 26 مساجد کو منظورہ فنڈ کے چیکس متعلقہ انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ دار حضرات کے حوالے کئے گئے ۔ شہر کے ڈی کے ستیہ ریڈی بنگلہ میں واقع اس جلسہ کی صدارت مسز بنڈلہ پدماوتی صدر بلدیہ گدوال نے صدارت کی ۔ رکن اسمبلی گدوال مسز ڈی کے ارونا بھرت سہویا ریڈی نے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہا کہ شہر گدوال کے اقلیتی آبادی والے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو ترجیح دیتے ہوئے جلد از جلد شروع کیا جائے گا اور کہا کہ مساجد کی تعمیر و مرمت کے سلسلہ میں منظورہ فنڈس میں آئندہ اضافہ کیلئے حکومت سے نمائندگی کی جائے گی ۔ اقلیتی آبادی والے علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولتیں بہم پہونچانے کیلئے کانگریس کے رکن بلدیہ اپنی توجہ مرکوز کریں گے ۔ نائب صدر بلدیہ مسٹر شنکر نے اپنے خطاب میں مساجد کیلئے تعمیری فنڈس کی منظوری کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ گدوال کی جانب سے آئندہ بھی مسلم مسائل بالخصوص مساجد کے تعمیری فنڈ میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا جائے گا ۔ جلسہ کی کارروائی صدر کانگریس جناب عبدالسلام نے چلائی ۔ اس موقع پر سابق رکن بلدیہ محمد بابر ، محمد اسحاق ، محمد انور معاون رکن بلدیہ محمد امتیاز ضلع وقف کمیٹی نائب صدر جناب یاسر منظور احمد ، محمد سلیم ، محمد دولت اور دیگر نے شرکت کی ۔