اقلیتی امیدواروں کو پیشہ وارانہ کورسیس کی مفت تربیت، امیدواروں سے درخواستوں کی طلبی

حیدرآباد۔/30جولائی، ( سیاست نیوز) نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن چندرائن گٹہ میں اقلیتی طلبہ کو 12مختلف پیشہ ورانہ کورسیس میں ٹریننگ کا یکم اگسٹ سے آغاز ہوگا۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن جلال الدین اکبر نے بتایا کہ اقلیتوں میں پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ اور ان کی معاشی ترقی کیلئے یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود اور ڈپارٹمنٹ آف یوتھ سرویسس نے نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن سے اس سلسلہ میں معاہدہ کیا ہے۔ اس ٹریننگ کے ذریعہ اقلیتی نوجوان مختلف اداروں میں باآسانی روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی اس طرح کی ٹریننگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن چندرائن گٹہ میں جن کورسیس کی ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا ان میں پلمبنگ اینڈ سینٹیشن، پینٹنگ اینڈ انٹرنل ڈیکوریشن، الیکٹریکل ہاؤز وائرنگ، ویلڈنگ، لینڈ سروے، میسنری، سینٹرنگ اینڈ باربینڈنگ، اسٹور کیپر، گارمنٹس میکنگ، ورک سوپر وائزر، کنسٹرکشن ایکوپمینٹ آپریٹر اور کارپنٹر جیسے شعبے شامل ہیں۔ مختلف کورسیس کیلئے علحدہ علحدہ تعلیمی قابلیت مقرر کی گئی ہے اور تمام کورسیس کی مدت تین ماہ ہوگی۔ امیدوار ٹریننگ کے آغاز کے موقع پر نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن میں درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ طلباء کی ٹریننگ کے اخراجات محکمہ اقلیتی بہبود برداشت کرے گا جبکہ طلباء کو  روزانہ لنچ کے علاوہ اسٹائیفنڈ کے طور پر ماہانہ 350روپئے ادا کئے جائیں گے۔ ٹریننگ سے استفادہ کیلئے دیہی علاقوں میں امیدوار کے والدین کی سالانہ آمدنی دیڑھ لاکھ روپئے جبکہ شہری علاقوں میں 2لاکھ روپئے ہونی چاہیئے۔ امیدوار کی عمر 18تا35سال کے درمیان ہو۔