اقلیتی امیدواروں کو سیول سرویسس کیلئے کونسلنگ کا پیشکش

شاہنواز قاسم آئی پی ایس ہفتہ میں ایک دن امیدواروں کی رہنمائی کریں گے

حیدرآباد۔/12 مئی، ( سیاست نیوز) ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) نے تلنگانہ کے اقلیتی نوجوانوں کیلئے سیول سرویسیز کی کوچنگ کے سلسلہ میں کونسلنگ فراہم کرنے کا پیشکش کیا ہے۔ سیول سرویس کی کوچنگ کے سلسلہ میں امیدواروں کے اسکریننگ ٹسٹ کے معائنہ کے بعد شاہنواز قاسم نے تلنگانہ میں اقلیتوں کیلئے کوچنگ کی فراہمی کو خوش آئند قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں قابل اور اہل نوجوانوں کی کمی نہیں صرف مناسب رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 100 امیدواروں کو اپنے خرچ پر کوچنگ کی فراہمی سے سیول سرویسیز میں حصہ لینے کیلئے اقلیتوں میں حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ وہ سیول سرویسیز میں تلنگانہ کی کامیابی کے مشن کے ساتھ کام کریں گے اور آئندہ دو سال میں اسی کام پر ان کی توجہ رہے گی۔ سینئر آئی پی ایس عہدیدار شاہنواز قاسم نے کہا کہ منتخب 100 امیدواروں کی کوچنگ کی وہ راست نگرانی کریں گے۔ جن اداروں میں کوچنگ کا اہتمام کیا جارہاہے وہ وقتاً فوقتاً دورہ کرتے ہوئے امیدواروں کی دلچسپی اور پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2019 سیول سرویسیز میں وہ تلنگانہ کے اقلیتی طلبہ کی نمائندگی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ تلنگانہ کے امیدوار ٹاپرس کی فہرست میں شامل ہونے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اسکیمات کے مقابلے سیول سرویسیز میں مناسب رہنمائی ٹھوس کام ہے جسے وہ انجام دینا چاہتے ہیں۔ اقلیتی امیدواروں کو چاہیئے کہ وہ مایوسی کا شکار نہ ہوں۔ شاہنواز قاسم ہفتہ میں ایک دن سیول سرویسیز کے خواہشمند امیدواروں کی کونسلنگ کیلئے تیار ہیں۔ وہ اپنے ساتھی آئی پی ایس عہدیداروں یا آئی اے ایس عہدیداروں کے ذریعہ کونسلنگ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی خدمات حاصل کرتے ہوئے آئندہ سال سیول سرویسیز میں تلنگانہ کے بہتر نتائج کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے اقلیتی طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں مزید رہنمائی کیلئے کسی بھی کام کے دن اُن سے ڈائرکٹوریٹ آف میناریٹی ویلفیر کے دفتر واقع ترپ بازار سے رجوع ہوں۔ شاہنواز قاسم جن کا تعلق بہار کے پٹنہ سے ہے انہوں نے کل سیول سرویس کی ایک ٹاپر کی تہنیتی تقریب میں اردو شاعری سے اپنے ذوق کا ثبوت دیا۔ اقلیتی طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے یہ شعر پڑھا تھا:
جو یقیں کی راہ پر چل پڑے
انھیں منزلوں نے پناہ دی
جنہیں وسوسوں نے ڈرا دیا
وہ قدم قدم پہ بھٹک گئے