15 مئی تک ادخال درخواست کی سہولت ، طلبہ سے استفادہ کی خواہش
ظہیر آباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ماینارٹیز ریزیڈنشیل اسکول فار بوائز انگلش میڈیم الگول منڈل ظہیر آباد کا درجہ بڑھا کر اسے تلنگانہ ماینارٹیز ریزیڈنشیل جونیر کالج فار بوائز انگلش میڈیم میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ جہاں رواں تعلیمی سال سے بی پی سی اور ایم پی سی گروپ کی شروعات کی جارہی ہیں جب کہ ہر گروپ کے لیے نشستوں کی تعداد 40 مختص کی گئی ہے ۔ انٹر میڈیٹ کے سال اول کے ایم پی سی گروپ میں شرکت کے لیے امیدوار کا ایس ایس سی انگلش میڈیم سے امتحان میں 6 جی پی اے اور مضمون حساب میں B2 گریڈ جب کہ بی پی سی گروپ میں شرکت کے لیے امتحان میں 6 جی پی اے اور مضمون سائنس میں B2 گریڈ کے ساتھ کامیاب ہونا لازمی ہے ۔ شرکت کے خواہش مند امیدوار اپنی پاسپورٹ سائز کی فوٹو ، آدھار کارڈ ، ایس ایس سی مارکس میمو ( تاریخ پیدائش کے لیے ) ، کاسٹ سرٹیفیکٹ ، ماں باپ کے آدھار کارڈ نمبرس اور موبائل نمبر آن لائن کے ذریعہ ویب سائٹ tmreis.telangana.gov.in پر 5 مئی سے 15 مئی تک داخل کرسکتے ہیں ۔ اس نئے ریزیڈنشیل کالج میں مسلم طلباء کے لیے 26 ، کرسچین کے لیے 2 ، جین ، پارسی ، بدھسٹ ، سکھ کے لیے 2 ، ایس سی کے لیے 2 ، بی سی کے لیے 5 نشستیں اور او سی کے لیے ایک نشست مختص کی گئی ہے اور یہ کہ پہلا مضمون انگلش اور دوسرا اختیاری مضمون اردو یا تلگو لے سکتے ہیں جب کہ دیہی علاقہ سے تعلق رکھنے والے امیدوار کے سرپرست کی سالانہ آمدنی 1,50,000 روپئے اور شہری علاقہ سے تعلق رکھنے والے امیدوار کے سرپرست کی سالانہ آمدنی 200000 روپئے سے متجاوز نہ ہو ۔ امیدواروں کا انتخاب 21 مئی کو ہوگا جب کہ سرٹیفیکٹس کی جانچ 22 مئی تا 25 مئی ہوگی اور یہ کہ انٹر میڈیٹ سال اول کے کلاسیس کا آغاز یکم جون 2018 سے ہوگا ۔ پرنسپل کالج ہذا بوسی جیوترمائی نے سرپرستوں سے اپنے بچوں کے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے مذکورہ نئے ریزیڈنشیل جونیر کالج میں داخلہ دلانے کی پر زور خواہش کی ہے ۔۔