اقلیتی اقامتی جونیر کالجوں میں داخلے

اندرون 3یوم 103درخواستیں، پرنسپل محمد منیر الدین کابیان

نلگنڈہ۔/9مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ میناریٹی ریسیڈنشیل جونیر کالجوں میں آن لائن درخواستوں کی وصولی کے آغاز کے اندرون تین یوم جملہ 103 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ ضلع میں سوسائٹی کی جانب سے بوائز اور گرلز جونیر کالجوں کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے۔ یہ بات اقلیتی اقامتی اسکول برائے گرلز و جونیر کالج پرنسپل جناب محمد منیر الدین نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے اقلیتوں کیلئے علحدہ ریسیڈنشیل سوسائٹی کا قیام عمل میں لایا اور سوسائٹی سکریٹری کی جانب سے ریاست بھر میں 204 مدارس اور 12جونیر کالجوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ان مدارس میںسوسائٹی کی جانب سے بڑے پیمانہ پر کی گئی تشہیر کی وجہ داخلوں میں بڑے پیمانے پر درخواستیں حاصل ہوئی ہیں اور 5 مئی سے ان جونیر کالجوں میں داخلوں کا آغاز ہوا ہے۔ تاحال جملہ 103 درخواستیں داخل ہوئی ہیں جن میں 63 نلگنڈہ سے اور ضلع سوریا پیٹ سے 26اور ضلع یادادری بھونگیر سے 14 درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نئے جونیر کالجس اور اسکولس کیلئے نئی عمارت حاصل کی گئی ہے ۔ یہاں پر داخلہ حاصل کرنے والی طالبات کو خوشگوار ماحول کے علاوہ بہتر نگہداشت اور مکمل تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ طلبہ کو سوسائٹی کے مینو کے مطابق غذا، کتابیں اور ڈریس ، اسٹیشنری، ٹراک سوٹ، جوتے، آرامدہ بستر اور دیگر عصری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اقلیتوں کو چاہیئے کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولتوں سے استفادہ کریں اور تعلیمی پسماندگی کودور کرنے کیلئے کئے جارہے سوسائٹی کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کریں۔ داخلوں کیلئے آخری تاریخ 15 مئی مقرر ہے۔ یہاں پر طلباء کیلئے ایم پی سی کی0 4، بی پی سی کی0 4 اور طالبات کے لئے ان ہی زمروں میں 40،40 نشستیں فراہم ہیں۔ جملہ 160نشستوں پر داخلے جاری ہیں۔