چیرمین لرننگ لنک فاونڈیشن محترمہ نورین انصاری کی شرکت و مخاطبت
حیدرآباد۔12اپریل(سیاست نیوز) ملٹی نیشنل سافٹ ویر کمپنی ڈیل اور سماجی تنظیم لرننگ لنک فاونڈیشن کے اشتراک سے تلنگانہ اقلیتی اقامتی تعلیمی ادارہ جاتی سوسائٹی( ٹی ایم آر ای آئی ایس)اسکول بہادر پورہ میں ڈیجیٹل کلاسس کی شروعات عمل میں آئی۔ لرننگ لنک فاونڈیشن چیرمن محترمہ نورین انصاری نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کی دختر کے علاوہ ڈیل ایشیا یونٹ انچارج ‘ سکریٹری ٹی ایم آر ای آئی ایس محمدشفیع اللہ کے ہاتھوں مذکورہ کلاسس کا افتتاح عمل میںآیا۔ اس موقع پر محترمہ نورین انصاری نے ڈیجیٹل کلاسس کا معائنہ کیا۔محترمہ نورین انصاری نے بتایاکہ لرننگ لنک فاونڈیشن ملک کی 18ریاستوں میںخدمات انجام دے رہا ہے اور جاریہ سال ایک لاکھ بچے فاونڈیشن سے جڑے ہیںجنھیں ڈیل کے اشتراک سے عصری تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا مقصد معاشی طور پر پسماندہ بچوں کو عصری تعلیم سے جوڑنا ہے اور اس کام میںہم بڑی حد تک کامیاب بھی ہوئے ہیں۔ نورین انصاری نے کہاکہ لرننگ لنک فاونڈیشن اور ڈیل کی تعلیمی فلاحی خدمات چھتیس گڑہ‘ جموں کشمیر ‘ جھارکھنڈ میںجاری ہیں اور فاونڈیشن کا اصل مقصدمعیاری تعلیم ہر بچے تک پہنچانا ہے ۔مسٹر بھاسکر شرما نے کہا کہ انڈسٹری پارٹنر کے طور پر ڈیل لرننگ لنک فاونڈیشن کے ساتھ یہ عظیم کام انجام دے رہا ہے۔ محمد شفیع اللہ ( سکریٹری ٹی ایم آرآئی ایس) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک سال قبل ہمارے پاس اقامتی اسکولس کے قیام کا صرف جی او تھا تب ہم نے اقلیتی اور دیگر پسماندہ طبقات کے بچوں کو تعلیم سے جوڑنے کے عزم کے ساتھ اقامتی اسکولس کا کام شروع کیااور پہلے سال میں71اسکولس قائم کئے جبکہ جاریہ سال202اسکول قائم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے بچوں کومفت اورمعیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے نہایت سنجیدہ ہیں ۔ انہو ںنے اقامتی اسکولس کے قیام اور ان کو چلانے کے حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے بجٹ پر چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر نورین انصاری ‘ مسٹر بھاسکر اور بی شفیع اللہ نے ڈیل او رلرننگ لنک فاونڈیشن کے مشترکہ ’’ ایجوکیشن آن وہیل‘‘ کا بھی افتتاح انجام دیا۔ جہا ںپر طلبہ نے چھوٹے چھوٹے آئی ٹی مصنوعات کی تیاری کے متعلق اپنی قابلیت کا مظاہرہ کیا۔طلبہ اولیائے طلبہ اور ٹی ایم آر ای آئی ایس ٹیم بھی موجود تھی۔