پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کیلئے حکومت کرناٹک کا اہم فیصلہ
گلبرگہ /3 ستمبر ( سییاست ڈسٹرکٹ نیوز )کرناٹک ریاستی کابینہ نے اپنے ایک تاریخی فیصلہ کے ذریعہ پچھڑی ذاتوں اور اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کیلئے سرکاری ملازمتوں میں موجود ہ ریزرویشن برقرار رکھتے ہوئے بیاک لاگ سہولت فراہم کردیا ہے ۔ اقلیتوں اور اوبی سی امیدوار وں کے تقررات میں پچھلے کئی سال سے یہ مطالبہ رہا ہے کہ ان کے ریکروٹمنٹ کے دوران مناسب امیدوار کی عدم دستیابی کی صورت میں اس پوسٹ کو بیاک لاگ کے ذریعہ بھرتی کیا جائے ۔ چنانچہ لیجسلیچر کمیٹی برائے پچھڑی ذاتیں اور اقلیتیں نے اتفاق رائے سے اس سلسلے میں اپنے سفارشات ایوان اسمبلی میں پیش کئے ۔ جنہیں وزیر اعلیٰ سدرامیا نے منعقدہ کابینہ اجلاس میں پیش کرکے منظوری دیدی ہے ۔کابینہ اجلاس کے بعد ریاستی وزیر برائے بلدی نظم ونسق ، اقلیتی بہبود اور اوقاف ڈاکٹر قمرالاسلام نے اس اہم سرکاری فیصلہ پر وزیر اعلیٰ سدرامیاکو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کابینہ کے اس فیصلہ سے کرناٹک میں سرکاری ملازمتوں کے تقررات میں اقلیتوں کے لئے محفوظ 4 فیصد کی برقراری کے ساتھ ہی ساتھ بیاک لاگ کے ذریعہ بھی ریزر و پوسٹ کی بھرتی کے دوران مناسب امیدوار کی عدم دستیابی کے نتیجے میں خالی رہ جانے والے پوسٹ علی الترتیب اگلے ریکروٹمنٹ سال میں مسلسل منتقل ہوتے رہیں گے۔ جس کا راست فائدہ اقلیتی اور او بی سی امید واروں کو حاصل ہوتا رہے گا ۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سدرامیا اوبی سی اور اقلیتوں کے مفاد کو نظر میں رکھتے ہوئے اس اہم فیصلہ کو انجام دیا ۔ قمرالاسلام نے مزید اپنے اخباری بیان میں کہا کہ حیدر آباد کرناٹک علاقہ میں جملہ تقریباً 30174جائدادیں مخلوعہ ہیں ۔سدرامیا کے اس فیصلہ سے علاقہ حیدرآباد کرناٹک کے اقلیتوں کے ساتھ تمام ریاست کے اقلیتی امیدواروں کو بہت زیادہ فائدہ حاصل ہوگا ۔ اس سے قبل انہوں نے مزید کہا ہیکہ ریاست کرناٹک میں یہ بیاک لاگ مخلوعہ جائدادیں بھرتی کرنے کا سلسلہ صرف ایس سی ، ایس ٹی تک محدود تھا ۔ لیکن سدرامیا جی نے آج اپنی کابینہ میں پچھڑے طبقات اور اقلیتوں کے لئے توسیع کردیا ہے۔یہ اپنے میں ایک بہت بڑا فیصلہ سدرامیا کابینہ نے لیا ہے اور پھر ایک بار یہ ثابت کردیا ہے کہ سدرامیا اقلیتوں کے ہمدرد ہیں اور اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہمیشہ سنجیدہ رہتے ہیں۔