اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات ضروری : عزیز پاشاہ

حیدرآباد۔30نومبر(سیاست نیوز) قومی سطح پر پیش آئی بڑی سیاسی تبدیلی کے سبب ملک کے اقلیتی طبقات کے اندر احساس کمتری میںبڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کی سٹی کانفرنس سے خطاب کے دوران سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ نے یہ بات کہی۔ سی پی ائی گریٹر حیدرآباد سکریٹری ڈاکٹر سدھاکر‘ دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی صدر عثما ن الہاجری‘ صدر انصا ف گریٹر حیدرآباد میراحمد علی‘ نائب صدور شیخ شمس الدین ‘ سلیم خان کے علاوہ محمد حشمت‘ سید کلیم اور دیگر نے بھی اس کانفرنس سے خطاب کیا۔ جبکہ تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کی کارکردگی پر متعلقہ جنرل سکریٹری منیر پٹیل نے رپورٹ پیش کی اور کانفرنس کی کاروائی بھی چلائی۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے اپنی تقریر کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ گجرات فسادات کے ذمہ دار کے ہاتھوں میں ملک کی باگ ڈور انے کے بعد ملک کے اقلیتی طبقات کے اندر بڑے پیمانے پر عدم تحفظ کا احسا س جگا ہے جس کو دور کرنے کے لئے مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ صرف باتوں کے بجائے اقلیتی طبقات کی فلاح وبہبود میںٹھوس اقدامات اٹھائے۔