اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات

ورنگل۔/5جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی اقلیتوں کی فلاح و بہبود کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ یو پی اے چیرپرسن مسز سونیا گاندھی اور مسٹر راہول گاندھی کی قیادت میں ملک میں مسلمان ترقی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار محمد ریاض خان پی سی سی سکریٹری نے منڈی بازار ورنگل میں حیدرآباد میں منعقدہ کانگریس اقلیتی کنونشن میں ورنگل سے شرکت کرنے والے گاڑیوں کے قافلے کو جھنڈی دکھاکر روانہ کرتے ہوئے کیا۔ محمد ریاض خان نے کہا کہ ورنگل سے 150 کاروں کا قافلہ کانگریس اقلیتی کنونشن میں شرکت کیلئے روانہ ہوا ہے۔ علاوہ اس کے ورنگل کے منڈل جات سے بھی مسلمانوں کی کثیر تعداد حیدرآباد کیلئے روانہ ہورہی ہے۔

محمد ریاض خان نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کی تعلیمی، معاشی و سیاسی طور پر بااختیار بنانے کیلئے محمد سراج الدین چیرمین اے پی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کی نگرانی میں کانگریس اقلیتی کنونشن منعقد کیا جارہا ہے۔اس کنونشن میں ریاستی و قومی قائدین شرکت کریں گے۔ محمد ریاض خان نے بتایا کہ سٹی انچارج صدر محمد ایوب کی قیادت میں بھی مسلمان حیدرآباد کنونشن میں شریک ہورہے ہیں۔ اس موقع پر سابق فلور لیڈر محمد محمود، محمد جہانگیر، محمد یعقوب علی نائب اقلیتی ڈپارٹمنٹ کانگریس پارٹی، محمد خلیل، محمد معشوق علی، محمد احمد، محمد اسمعیل ذبیح، مسیح الدین، محمد قادر، افروز خان و دیگر موجود تھے۔