اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے اقامتی اسکولوں کا قیام

نلگنڈہ میں اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی سیکریٹری شفیع اللہ کا اظہار خیال

نلگنڈہ۔ یکم فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اقلیتوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے تعلیمی پسماندگی دُور کرنے اور مسابقتی دوڑ میں شامل کرنے کیلئے تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کی حکومت نے تشکیل عمل میں لائی اور ریاست بھر میں زائد از 204 اقامتی اسکولوں کو تمام عصری سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے قائم کئے گئے ہیں۔ یہ بات سیکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول جناب شفیع اللہ نے اپنے دورۂ نلگنڈہ کے موقع پر نمائندہ سیاست نلگنڈہ سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو ناخواندگی سے پاک کرنے اور اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے عالمی معیار کے تنظیموں کے تعاون سے عصری تعلیم دینے کی ممکنہ کوششیں کی جارہی ہے تاکہ اقلیتوں کو بھی دیگر ابنائے وطن کے ساتھ مسابقتی دوڑ میں شامل کیا جاسکے۔ ریاستی حکومت کی ہدایتیں کی روشنی میں 204 اسکولوں کو قائم کیا گیا۔ تمام قسم کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور معیاری تعلیم کیلئے پیشہ تدریس میں اعلیٰ تعلیم یافتہ پیشہ وارانہ مہارت کے حامل اساتذہ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اپنے دورۂ نلگنڈہ کے موقع پر سوسائٹی سیکریٹری نے گرلز اقامتی اسکولوں کا معائنہ کیا اور طالبات سے بات چیت کی اور اظہار اطمینان کیا اور معیاری کھانے کا انتظام کرنے کی ہدایت دی اور طلبہ کو درپیش مسائل کی فوری یکسوئی کرنے کی ہدایت دی۔ ریاستی سیکریٹری ضلع انتظامیہ کی جانب سے دفتر ضلع کلکٹر کے پیچھے فراہم کردہ 6 ایکر اراضی کا معائنہ کیا اور تیقن دیا کہ پختہ عمارتوں کی تعمیر کی اجازت حاصل ہونے پر نلگنڈہ مستقر کے گرلز اسکول کی تعمیر کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ بعدازاں جناب شفیع اللہ نے ایس ایل بی سی میں واقع اسکول اور عمارت میں پائی جانے والی خامیوں کو فوری یکسوئی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اولیائے طلبہ کے دیرینہ مطالبہ اسکول کی حصار بندی اور ڈرائنگ ہال کی تعمیر کا تیقن دیتے ہوئے ضلع اقلیتی بہبود آفیسر جی وینکٹیشورلو کو ہدایت دی کہ اندرون 2 یوم حصار بندی کی تعمیر کیلئے منصوبہ روانہ کریں۔ حصار بندی کو دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ اسکول میں واقع کھلی اراضی کی صفائی عمل میں لاتے ہوئے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم کیلئے بلڈنگ کی تعمیر کروانے کا تیقن دیا اور اس ضمن میں منصوبہ جات روانہ کریں۔ انہوں نے اسکول کے ڈائننگ ہال کا معائنہ کے موقع پر اسکول وارڈن کی سرزنش کی اور سوسائٹی کی جانب سے فراہم کردہ فہرست کے مطابق کھانے کا انتظام کرے۔ انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری وارڈن کو تبدیل کرنے کی پرنسپل کو ہدایت دی اور کہا کہ اس طرح کا غیرمعیاری کھانا دینے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ سیکریٹری نے زائد ڈائننگ ہال کی تعمیر اور عمارت میں توسیع کرتے ہوئے تیسری منزل کی تعمیر کروانے کیلئے درکار منصوبہ روانہ کرنے پر مرحلہ واری طور پر مکمل کیا جائے گا۔ بعدازاں انہوں نے طلباء سے بات چیت کی اور طلباء میں حصول تعلیم سے متعلق منفرد انداز میں بیدار کیا اور اساتذہ سے معیاری تعلیم کیلئے اپنی توانائیاں لگانے پر زور دیا۔ قبل ازیں سوسائٹی سیکریٹری نے ضلع یادادری بھونگیر کے چوٹ اپل کے اقامتی اسکول کا بھی معائنہ کیا اور نلگنڈہ پہونچ کر ضلع کلکٹر ڈاکٹر گورو اپل سے تفصیلی بات چیت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری سوسائٹی جناب اعجاز احمد ضلع اقلیتی بہبود آفیسر جی وینکٹیشورلو ویجیلنس آفیسر محمد نعیم الدین پرنسپل جناب محمد بشیر احمد اور دیگر موجود تھے۔