اقلیتوں کی ترقی کیلئے 1105کروڑ روپئے مختص

میدک۔13مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر محمد فاضل صدر ٹاؤن تلنگانہ راشٹریہ سمیتی میدک ٹاؤن اقلیتی ونگ نے ریاستی وزیر فینانس مسٹر ایٹالہ راجندر کی جانب سے اقلیتوں کی ترقی کیلئے سال 2015-16ء کے مالیاتی سال کیلئے 1105 کروڑ روپئے مختص کرنے پر مسرت کا اظہار کیا ۔ مسٹر فاضل نے اقلیتوں کی ترقی کیلئے جاری بجٹ مختص کئے جانے پر ریاستی وزیر اعلیٰ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر سے اظہار تشکر کیا اور بجٹ کو خوش آئند قرار دیا ۔ مسٹر فاضل نمائندہ سیاست میدک مسٹر محمد فاروق حسین سے بات کرتے ہوئے اپنے ان خیالا کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اقلیتوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے قرضۃ جات فراہم کرنے ریاستی بجٹ میں 25کروڑ مختص کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے حکومت کیجانب سے آغازکردہ نئی اسکیم ’’ شادی مبارک ‘‘ جیسی اختراعی اسکیم کے متعارف پر حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اقلیتوں سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے قرض جات حاصل کرنے اور شادی مبارک اسکیم سے بھی بھرپور فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ۔ مسٹر فاضل نے ریاستی وزیر اعلیٰ کو اقلیتی دوست قرار دیتے ہوئے انتخآبات سے قبل کئے گئے سب سے اہم وعدہ 12% تحفظات پر بھی عمل آوری فی الفور کرنے اور بعد ازاں مخلوعہ جائیدادوں پر تقرراتی عمل کا آغاز کرنے کا پُرزور مطالبہ کیا ۔ انہوں نے توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ ماہ اگست تک 12% تحفظاتی عمل سے متعلق قائم کردہ کمیشن بھی اپنی جامع رپورٹ حکومت کو پیش کردے گی ۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ صرف ٹی آر ایس حکومت ہی اقلیتوں کی ترقی پابند ہے ۔