اقلیتوں کو یقین ہوگیا کہ مودی تمام طبقات کیلئے کام کررہے ہیں : بی جے پی

ممبئی 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی اقلیتوں کو احساس ہوگیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کسی خاص فرقہ کے لئے نہیں بلکہ سماج کے تمام حصوں کے لئے کام کررہے ہیں۔ بی جے پی کے قائد مختار عباس نقوی نے کہاکہ ہماری خود ساختہ سیکولر سیاسی پارٹیوں نے اقلیتوں میں بی جے پی اور مودی کے بارے میں بہت زیادہ اُلجھن پیدا کر رکھی ہے۔ تاہم اقلیتوں کو احساس ہوگیا ہے کہ مودی کسی خاص فرقہ کے لئے نہیں بلکہ سماج کے تمام طبقات کے لئے کام کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم کہتے ہیں کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس، غریب اور کمزور طبقات تمام فرقوں میں ہیں۔ ایک خاص اسکیم کسی خاص فرقہ کے لئے نہیں ہونی چاہئے کیونکہ غریب سماج کے تمام حصوں میں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے ساتھ ہی ایک بڑی تبدیلی پیدا ہوئی ہے۔ دہلی میں اقتدار کی گلیاریوں سے اقتدار کے دلال غائب ہوگئے ہیں۔ مودی کا مقصد ہے کہ نہ کھائیں گے نہ کھانے دیں گے۔ اقتدار کے دلالوں کی دوکانیں بند ہوچکی ہیں اب وہ اپنی پسندیدہ کانگریس پارٹی کے زیراقتدار ریاستوں میں محفوظ پناہ گاہیں تلاش کررہے ہیں۔ بی جے پی قائد نے کہاکہ ہندوستان کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اِن نئے مقامات پر اقتدار کے دلالوں کو اسمبلی انتخابات میں بی جے پی حکومت کو کامیاب کرکے دوکانیں بند کرنے پر مجبور کردیا جانا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس زیرقیادت حکومت پاکستان کو جواب دینے میں بہت کمزور تھی لیکن ہماری حکومت منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔مودی پر تنقید کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ اگر وہ بہت زیادہ انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہیں تو اِس میں مسئلہ کیا ہے۔