اقلیتوں کو گمراہ کرنے ٹی آر ایس حکومت کا نیا حربہ

انتخابات سے بالکل قریب ائمہ و مؤذنین کے اعزازیہ میں اضافہ پر کانگریس کا ریمارک
سدی پیٹ 26 اگسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق رکن بلدیہ و سینئر کانگریس قائد غوث محی الدین چاند سدی پیٹ کو کنوینر تلنگانہ کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ نامزد کرنے پر سدی پیٹ میں تہنیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں سجادہ نشین درگاہ فاضل چشتی جناب اعجاز مقیم شریف نے محلہ مرشد گڈہ میں غوث محی الدین چاند کو تہنیت پیش کی اور بتایا کہ غوث محی الدین چاند کو ریاستی سطح پر کانگریس پارٹی میں عہدہ ملنا پارٹی میں ان کی طویل خدمات اور بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر نونامزد کنوینر کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ غوث محی الدین نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات سے عین قبل ائمہ و مؤذنین کے مشاہرہ میں اضافہ کا اعلان کرنا اقلیتوں کو گمراہ کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کے لئے ٹی آر ایس حکومت کا نیا حربہ ہے۔ جبکہ 100 دن میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا ٹی آر ایس حکومت نے وعدہ کیا تھا آج تک وعدہ پورا نہیں کیا گیا، کئی مسلم نوجوان بے روزگار ہیں جنھیں تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کافی اُمیدیں تھیں جبکہ ٹی آر ایس سنہرے تلنگانہ کے نام پر اقتدار میں آئی لیکن ساڑھے چار سال میں صرف تاریک تلنگانہ ہی نظر آرہا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت آتے ہی اقلیتی فینانس کارپوریشن کا نام گم ہوچکا ہے۔ جبکہ کانگریس اقتدار میں بے روزگار مسلم نوجوانوں کو کاروبار کیلئے قرض فراہم کئے گئے۔ لیکن آج ٹی آر ایس حکومت میں فینانس کارپوریشن سے قرض حاصل کرنے کے لئے ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کے ارد گرد چکر لگانے میں بے روزگار مسلم نوجوانوں کا وقت ضائع ہورہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ترقی کے نام پر کنٹراکٹرس کی آڑ میں ٹی آر ایس قائدین کی جیب گرم ہورہی ہے۔ مسلمانوں کو افطار پارٹی اور رمضان کٹس کے نام پر خوش کرنے کے سوا کچھ نہیں ملا۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت کے وعدوں کے اعتبار سے عوام نالاں ہوچکے ہیں۔ غوث محی الدین نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کا اقتدار یقینی ہے کیوں کہ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس کا طوفان آرہا ہے۔