اقلیتوں کو اندرون چھ ماہ 12 فیصد تحفظات کی فراہمی

برقی مسئلہ کے حل کیلئے ایک سال درکار، عادل آباد میں ریاستی وزیر جوگو رامنا کا خطاب
عادل آباد 19 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اسمبلی اجلاس میں قرار داد منظور کرتے ہوئے سچر کمیٹی سفارش کے پیش نظر اقلیتوں کو اندرون چھ ماہ 12 فیصد تحفظات زندگی کے ہر شعبہ میں فراہم کئے جائیں گے۔ یہ بات ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا نے مستقر عادل آباد کے اردو گھر شادی خانہ میں منعقدہ تقریب کے دوران بتائی۔ اردو گھر شادی خانہ انتظامی کمیٹی کی جانب سے مسٹر جوگو رامنا کے ریاستی وزیر منتخب ہونے پر انہیں تہنیت پیش کرنے تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔ کمیٹی صدر مسٹر ایم اے کلیم، معتمد مسٹر عبدالشکور ، سراج قادری ،سید ساجد الدین ،مسٹر محمد وقار الدین ایڈوکیٹ کے علاوہ دیگر افراد نے بکثرت مسٹر جوگو رامنا کی گلپوشی ، شال پوشی انجام دی ۔ موصوف اردو میں اپنے خطاب کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے تلنگانہ شہدا کے افراد خاندان کو دس لاکھ روپئے ایگس گریشیا اور بالترتیب ایک فرد کو ملازمت فراہم کرنے تیقن دیتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد جہاں ایک طرف ایک سہولتیں عوام کو حاصل ہورہی ہیں وہیں دوسری طرف ریاست میں برقی سربراہی کا مسئلہ حل کرنے میں کم و بیش ایک سال کا عرصہ درکار بتایا ۔ برقی پیداوار آندھرا میں خاطر خواہ ہونے کے بنا پر چھتیس گڑھ ریاست چیف منسٹر مسٹر رتن سنگھ سے گفت شنید کی گئی ۔ چھتیس گڑھ سے تلنگانہ ریاست تک برقی لائن بچھانے ایک سال کا وقفہ درکار ہورہا ہے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنانے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں رشوت کے خاتمہ کا منصوبہ بنایاگیا ہے جس کے پیش نظر سیاسی قائدین کو رشوت سے گریز کرنے کا انتباہ دیا گیا ۔ رشوت میں ملوث قائدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کو بھی کہا گیا ۔

کسانوں کو ایک لاکھ روپئے قرض معاف کرنے کے معاہدہ پر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو قائم ہیں ۔ مستقر عادل آباد کے مسائل کو اہمیت کے ساتھ حل کرنے کا تیقن دیتے ہوئے ریاستی وزیر نے کے آر کے کالونی، رام نگر جیسے دو دراز کے مقامی افراد کی دلچسپی کے بناء پر قریب و جوار کے مقام پر قبرستان کے لئے اراضی فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ وہیں دوسری طرف اردو گھر شادی خانہ کی تعمیر و ترمیم کی غرض سے مزید رقم فراہم کرنے کا بھی تیقن دیا ۔ رمضان المبارک کے پیش نظر جاریہ ماہ کی 22 تاریخ کو مستقر کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلع کلکٹر کے علاوہ ضلعی عہدیداروں کا ایک اہم اجلاس طلب کرتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران برقی سربراہی، پینے کا پانی، صفائی کے نظام کو بنا کسی عذر برقرار رکھنے کی ہدایت دینے کا بھی ارادہ ظاہر کیا ۔ قبل از ٹاون کمیٹی صدر مسٹر سید ساجد الدین مسٹر سراج قادری ،سینئر قائد مسٹر محمد وقار الدین ایڈوکیٹ مسٹر عبدالشکور نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر جوگو رامنا کے خدمات کی بھر پور ستائش کی۔ ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا کی مصروفیت کے بناء پر مقررہ وقت سے دو گھنٹہ تاخیرسے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ مسٹر جوگو رامنا کا مسلمانوں کی کثیر تعداد نے والہانہ استقبال کیا۔