نارائن کھیڑ۔/26اپریل، ( ایم اے رشید سلفی ) مسٹر سریش کمار شیٹکار جو حلقہ پارلیمان ظہیرآباد کی نشست سے کانگریس کے امیدوار کی حیثیت سے انتخابی میدان میں ہیں۔ نارائن کھیڑ سے تعلق رکھنے والے ہندو مسلم اتحاد کے حامی 53سالہ مسٹر سریش کمار شیٹکار جو سابق رکن اسمبلی نارائن کھیڑ و مجاہد آزادی آنجہانی شیو راؤ شیٹکار کے فرزند کلاں اور سابق رکن اسمبلی نارائن کھیڑ و مجاہد آزادی آنجہانی اپا راؤ شیٹکار کے پوتے ہیں اور وہ تمام طبقات میں یکساں مقبول ہیں۔ مسٹر سریش کمار شیٹکار نارائن کھیڑ میں اقلیت نوازی میں اپنی منفرد نوعیت رکھتے ہیںاور وہ مسلم اقلیتوں کی خوشنودی اور دل جیت لینے میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ جبکہ 2004ء میں سریش کمار شیٹکار نے حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کی نشست سے کانگریس امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرتے ہوئے منتخب ہوئے ۔ انہوں نے بحیثیت رکن اسمبلی اپنے پانچ سالہ دور میں حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے کافی جدوجہد کی تھی۔ بعد ازاں مسٹر سریش کمار شیٹکار نے 2009ء میں منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں حلقہ پارلیمان ظہیرآباد سے کانگریس کے امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے بحیثیت رکن پارلیمان ظہیرآباد منتخب ہوگئے۔ انہوں نے بحیثیت رکن پارلیمان ظہیرآباد اس پارلیمانی حلقہ کی ترقی کیلئے بھی کافی جدوجہد کی تھی۔ مسٹر سریش کمار شیٹکار جو جاریہ پارلیمانی انتخابات میں حلقہ پارلیمان ظہیرآباد کی نشست سے بحیثیت کانگریس امیدوار دوسری مرتبہ انتخاب لڑ رہے ہیں جہاں پر 30اپریل کو رائے دہی منعقدشدنی ہے۔