اقلیتوں سے سلوک کرنا مودی حکومت کو دکھائیں گے : عمران

لاہور ، 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے آج کہا کہ وہ نریندر مودی حکومت کو ’’بتائیں گے‘‘ کہ ’’اقلیتوں کے ساتھ کس طرح کا سلوک روا رکھا جائے‘‘۔ یہ ریمارکس اس تنازعہ کے درمیان سامنے آئے ہیں جو بالی ووڈ ایکٹر نصیرالدین شاہ کے ہندوستان میں ہجومی تشدد کے بارے میں تبصرے سے پیدا ہوا ہے۔ نصیرالدین رواں ماہ کے اوائل اترپردیش کے ضلع بلندشہر میں ایک پولیس انسپکٹر کی ہلاکت کے پیش نظر ہندوستان میں ہجوم تشدد کے سبب ہلاکتوں کے سلسلہ وار معاملے سامنے آنے پر اپنے ریمارکس کی وجہ سے ایک بڑے تنازعہ میں پھنس گئے ہیں۔ لاہور میں حکومت پنجاب کے 100 روزہ کارہائے نمایاں کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے ادعا کیا کہ اُن کی حکومت یہ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے کہ پاکستان میں مذہبی اقلیتیں اپنے واجبی حقوق حاصل کرسکیں، جو اس ملک کے بانی محمد علی جناح کا ویژن بھی رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت یقینی بنائے گی کہ اقلیتیں ’نئے پاکستان‘ میں خود کو سلامت اور محفوظ محسوس کریں اور انھیں مساویانہ حقوق حاصل ہوں۔ انھوں نے نصیرالدین شاہ کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ’’ہم مودی حکومت کو بتائیں گے کہ اقلیتوں سے کس طرح کا سلوک روا رکھا جائے … ہندوستان میں تک لوگ کہہ رہے ہیں

اقلیتوں سے مساوی درجہ کے حامل شہریوں کی طرح سلوک نہیں ہورہا ہے۔‘‘ کاروانِ محبت انڈیا کو ویڈیو انٹرویو میں ویٹرن ایکٹر نے کہا تھا کہ ہندوستان میں ایک گائے کی موت کو کسی پولیس مین کی ہلاکت پر اہمیت دی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’زہر پھیلایا جاچکا‘‘ ہے اور اب اس پر قابو پانا مشکل رہے گا۔ نصیرالدین نے مزید کہا تھا کہ اس جن کو دوبارہ بوتل میں قید کرنا بہت مشکل ہوگا۔ ان لوگوں کیلئے بالکلیہ چھوٹ حاصل ہے جو قانون کو اپنے ہاتھوں میں لے رہے ہیں … میں میرے بچوں کیلئے مضطرب رہتا ہوں کیونکہ آنے والے کل اگر کوئی ہجوم انھیں گھیر لے اور پوچھے کہ کیا تم ہندو ہو یا مسلمان؟ ان کے پاس کوئی جواب نہ ہوگا۔ اس بات پر مجھے فکر ہوتی ہے کہ مجھے یہ حالات عنقریب سدھرتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ اگر کمزوروں کے ساتھ انصاف نہ کیا جائے تو یہ صرف بغاوت کا موجب بنے گا۔ ایک مثال پیش کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مشرقی پاکستان کے لوگوں کو اُن کے حقوق نہیں دیئے گئے جو بنگلہ دیش کی تشکیل کے پس پردہ بڑی وجہ رہی ۔ 3 ڈسمبر کو بلندشہر میں انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ اور ایک اسٹوڈنٹ سمیت کمار کو ہجومی تشدد میں ہلاک کردیا گیا جبکہ وہاں قریب میں گائے کا ڈھانچہ دستیاب ہوا تھا۔ اس کیس کا اصل ملزم
مقامی بجرنگ دل لیڈر یوگیش راج ہے۔

ایمریٹس فلائیٹ کی احمدآباد میں ایمرجنسی لینڈنگ
احمدآباد، 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دبئی سے ینگون جانے والی ایمریٹس ایرلائنز فلائیٹ میں دورانِ سفر آج میڈیکل ایمرجنسی پیدا ہوجانے پر طیارہ کا رُخ مجبوراً یہاں سٹی ایئرپورٹ کی طرف موڑنا پڑا جہاں اسے ترجیحی لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔ ایئرپورٹ حکام نے ایک بیان میں کہا کہ طیارے میں 5 سالہ لڑکے کو طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑا۔ بچہ قریبی اسپتال میں ہنوز زیرعلاج ہے جبکہ فلائیٹ اپنی منزل ینگون روانہ ہوگئی۔